بیدر۔ 24/جون (راست): بیدر کی قدیم ادبی تنظیم ”یاران ِ ادب“ اور کلیان کرناٹک اردو جرنلسٹ اسوسی ایشن بیدر نے آج 24/جون کوسرکاری اردو RMSAہائی اسکول چدری بیدر میں ہشتم، نہم اور دہم جماعت کے61 طلبہ وطالبات میں بیاگ اور کاپیاں (نوٹ بکس)مفت تقسیم کیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب محمدیوسف رحیم بیدری سکریڑی یاران ِ ادب بیدراور صدر کلیان کرناٹک اردو جرنلسٹ اسوسی ایشن بیدر نے طلبہ وطالبات کے سامنے ماہ محرم کی نسبت سے کربلا پر لکھاہوااپناتازہ کلام پیش کیا اور کہاکہ طلبہ کوصاف ستھری ادبی زبان بولنی چاہیے۔آپسی تعلق مضبوط ہو۔ ایک دوسرے سے تعلق احترام کی بنیادوں پر ہو۔ ہائی اسکول کی دوستی نہایت بے لوث ہواکرتی ہے اس دوستی کی حفاظت کریں۔ جناب بیدری نے والدین کی خدمت اور اساتذہ کااحترام کرنے کی طلبہ کو تلقین کی۔اورخصوصیت کے ساتھ کہاکہ حکومت آپ کو مفت تعلیم دے رہی ہے، اس کے لئے حکومت کاشکریہ اداکرنابھی واجب ہوجاتاہے۔ کسی نے اگر ایک روپیہ کااحسان کیاہے تو وہ احسان بھی احسان ہی کے ذریعہ چکایاجاسکتا ہے۔
مؤظف صدر معلم جناب محمد عبدالسلیم اسد نے اپنے خطاب میں طلبہ کو بتایاکہ جناب سید فرقان پاشاہ صرف ایک صدرمعلم ہی نہیں، قوم کے معمار بھی ہیں۔  میرے دوبچوں کوانجینئر بنانے میں جناب سید فرقان پاشاہ کا اہم رول رہاہے۔ طلبہ کو چاہیے کہ ان کی قدر کریں۔ اسی طرح سماج کے مختلف مسائل ہیں، ان پر نظر رکھنااور انہیں حل کرنا طلبہ ہی پر آج نہیں کل ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ اس ذمہ داری کو پورا کرنے کی کوشش کریں۔ جناب محمد عمران خان سکریڑی کلیان کرناٹک اردو جرنلسٹ اسوسی ایشن بیدر نے اپنے مختصر خطاب میں کہاکہ وکالت کے شعبہ میں طلبہ کو آنا چاہیے کیوں کہ اس شعبہ میں مسلمان صفر کے برابر ہیں۔ عمدہ قانونی ماحول ایک بہتر سماج کے لئے ضروری ہے ورنہ قانون کاعلم نہیں ہونے کی صورت میں ہمارے ساتھ بہت بڑا دھوکا ہوسکتاہے۔
سرکاری اردو RMSAہائی اسکول چدری بیدر کے صدر معلم جناب سید فرقان پاشاہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہم نے یاران ِ ادب اور کلیان کرناٹک اردو جرنلسٹ اسوسی ایشن کے ذمہ داران سے اپیل کی تھی کہ ہمارے اسکول کے تمام طلبہ کی بیاگ اور تین تین کاپیوں کے ذریعہ مدد کریں۔انھوں نے ہماری اپیل کو قبول کرلیا اور آج بطور ِ تحفہ تمام طلبہ کی خدمت میں بیاگ اور کاپیاں پیش کی جارہی ہیں۔ جس کے لئے ہم ان تمام افراد کے شکرگذار ہیں جنہوں نے ہمارے طلبہ کی مدد کی ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کے اہل وعیال کو اپنے حفظ وامان میں رکھے آمین۔ انھوں نے آگے بتایاکہ ہمارے سرکاری اردو ہائی اسکول میں اچھے اور ویل کالیفائڈ(قابل ترین) اساتذہ ہیں۔یہ اساتذہ مقابلہ جاتی امتحان کے بعدمنتخب ہوکرآئے ہیں۔ ان اساتذہ کے تعاون سے آپ تمام طلبہ وطالبات کو تعلیمی ماحول دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اخلاق کا سدھارنا، زبان اور ذہن کوسدھارنے کے بارے میں کوشش کررہے ہیں۔طلبہ کو اشعار کہنے آناچاہیے۔ بہترین الفاظ پر مشتمل بات چیت مطلوب ہے۔ صاف ستھرے کپڑے پہنیں۔ ظاہرکوبدلنے کی کوشش سے اندرون بھی بدل سکتاہے۔ بہترین اخلاق بے حد ضروری ہے۔
تقریب کا آغاز طالب علم محمد جمال کی تلاوت کلام پا ک سے ہوا۔ ہشتم جماعت کی طالبہ نمرہ نے حمدباریء تعالیٰ پیش کیا۔ علینہ بیگم نے نعت شریف پیش کی۔ جب کہ جناب نظام الدین ٹیچر نے نظامت کافریضہ بخوبی نبھایا۔ شہ نشین پر سراج الحسن شادمان رکن کلیان کرناٹک اردو جرنلسٹ اسوسی ایشن بیدرکے علاوہ تمام مردو خواتین ٹیچرس موجودتھیں۔ پروگرام کے بعد طعام کا اہتمام دیکھنے کوملا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے