ظہیرآباد 5/ جولائی (نمائندہ): کستوربا گاندھی بالیکا ودیالیہ (اردو میڈیم) اقامتی اسکول ہوتی (خرد) ظہیرآباد سے متعلق شائع ہونے والی خبروں کا سنگاریڈی ضلع انتظامیہ فوری نوٹس لیتے ہوئے ضلع پریشد چیف ایگزیکٹو آفیسر جانکی ریڈی نے ایم ای او مانیا اور ایم پی ڈی او راجندر ریڈی کے ہمراہ اسکول کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورہ کے دوران وفد نے اسکول کے انتظامی و تدریسی امور، صفائی، طلبہ کو فراہم کیے جانے والے کھانے کی معیار، اشیائے خورد و نوش، رہائشی سہولیات اور طالبات کو درپیش مسائل کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے متعلقہ عہدیداروں اور عملہ سے مختلف امور پر تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ذرائع کے مطابق مذکورہ ادارے کے مسائل پر گفتگو کے دوران ایم ای او مانیا نے ٹیچرز کو بعض مسائل چیف ایگزیکٹو آفیسر کے علم میں آنے سے روکنے کی کوشش کی۔ اس کے علاوہ مانیا ایم ای او نے ٹیچرس سے کہا کہ اسکول میں کوٹہ کے مطابق طلبہ کا داخلہ مکمل کریں ورنہ اسکول کی یہ قیمتی عمارت خالص اردو میڈیم کو نہیں دی جاسکتی تاہم معاملہ سامنے آنے پر جانکی ریڈی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ذمہ داران کو سخت ہدایت دی کہ آئندہ کسی بھی مسئلہ کو چھپانے کے بجائے حقائق سے آگاہ کیا جائے۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اسکول کی پرنسپل سے سخت بازپرس کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ خالصتاً اردو میڈیم کے مقصد سے قائم کیا گیا ہے، لہٰذا دیگر میڈیم کے طلبہ کو داخلہ دینا قواعد کے منافی ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ غیر اردو میڈیم کے طلبہ کے داخلے فوری طور پر منسوخ کیے جائیں اور صرف اردو میڈیم کے مستحق طلبہ کو ہی داخلہ دیا جائے تاکہ ادارے کے قیام کا بنیادی مقصد برقرار رہے۔انہوں نے پرنسپل، اساتذہ اور دیگر عملہ کو ہدایت دی کہ باہمی تعاون، ہم آہنگی اور یکجہتی کے ساتھ فرائض انجام دیتے ہوئے طالبات کی تعلیم، نظم و نسق، رہائشی سہولیات اور دیگر مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اجتماعی کاوشوں اور بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے اس ادارے کو ضلع کے بہترین تعلیمی اداروں میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
دورہ کے اختتام پر چیف ایگزیکٹو آفیسر نے یقین دہانی کرائی کہ اسکول میں پائے جانے والے مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ طالبات کو بہتر تعلیمی اور رہائشی ماحول فراہم کیا جا سکے۔۔۔۔۔
