NEET امیدواروں کو بیرونِ ملک میڈیکل تعلیم کے مواقع سے آگاہ کیا گیا۔

لکھنؤ، 16 اگست 2026۔ NEET کے امیدواروں اور ان کے والدین کو بیرونِ ملک MBBS کی تعلیم کے مواقع، داخلہ کے طریقۂ کار، تعلیمی اخراجات، اسکالرشپ اور میڈیکل تعلیم سے متعلق دیگر اہم امور سے آگاہ کرنے کے مقصد سے شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے زیرِ اہتمام اتوار کو کیفـی اعظمی آڈیٹوریم، والمیکی نگر، لکھنؤ میں ایک خصوصی سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار کا موضوع "MBBS Abroad: Opportunities & Guidance” تھا۔

پروگرام کا آغاز فخر الاسلام فلاحی صاحب، ڈائریکٹر، شاہین گلوبل اکیڈمی، لکھنؤ کے افتتاحی کلمات سے ہوا۔ انہوں نے طلبہ کے لیے بروقت اور درست رہنمائی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے مختلف مواقع کا صحیح معلومات کی بنیاد پر انتخاب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس کے بعد سید شاہ فخرِ عالم حسن صاحب، سجادہ نشین، بھاگلپور نے اعلیٰ تعلیم کی اہمیت کے موضوع پر پُراثر اور حوصلہ افزا گفتگو کی۔ انہوں نے طلبہ کو اپنے تعلیمی و پیشہ ورانہ اہداف کے تئیں سنجیدہ رہنے، مسلسل محنت کرنے اور تعلیم کے ذریعے اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کی ترغیب دی۔

پروگرام کے مہمانِ خصوصی انجینئر اظہرالدین صاحب (حیدرآباد)، ڈائریکٹر، شاہین گروپ اسٹڈی ابراڈ پروگرام نے "MBBS Abroad: Opportunities & Guidance” کے موضوع پر تفصیلی PPT پریزنٹیشن پیش کی۔ انہوں نے بیرونِ ملک معروف میڈیکل یونیورسٹیوں، داخلے کے لیے مطلوبہ اہلیت، داخلہ کے مراحل، تعلیمی اخراجات، اسکالرشپ اور میڈیکل

تعلیم کے بعد پیشہ ورانہ امکانات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے NEET امیدواروں اور ان کے والدین کی فرداً فرداً کاؤنسلنگ کرتے ہوئے ان کے سوالات اور شبہات کا ازالہ بھی کیا۔

انجینئر اظہرالدین صاحب نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ شاہین گروپ کوئی ایک کنسلٹنٹ ایجنسی نہیں بلکہ پورے ملک میں وسیع تعلیمی نیٹ ورک کے ساتھ سرگرم ایک معروف تعلیمی ادارہ ہے جس کے 150 سے زائد مراکز 13 ریاستوں میں قائم ہیں، جہاں تقریباً 45,000 طلبہ کو تعلیمی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بیرونِ ملک میڈیکل تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے شاہین گروپ نے تاجکستان اور کرگزستان کی میڈیکل یونیورسٹیوں کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے طلبہ جو NEET میں کامیاب ہونے کے باوجود ہندوستان میں سرکاری میڈیکل کالج میں MBBS کی نشست حاصل نہیں کر پاتے، ان کے لیے بیرونِ ملک میڈیکل تعلیم ایک متبادل موقع فراہم کرتی ہے۔ ان کے مطابق ہندوستان کے نجی میڈیکل کالج سے MBBS کرنے پر تقریباً ڈیڑھ سے دو کروڑ روپے تک خرچ آسکتا ہے، جبکہ تاجکستان اور کرگزستان میں MBBS کی تعلیم تقریباً 32 سے 37 لاکھ روپے کے مجموعی اخراجات میں حاصل کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شاہین گروپ طلبہ کو داخلہ دلانے کے ساتھ ساتھ اسکالرشپ، ٹکٹ اور ٹرانسپورٹیشن، ویزا اور دستاویزات کی تکمیل، کھانے اور رہائش، FMGE/NExTکوچنگ، انٹرن شپ اور کلینیکل آبزرورشپ سمیت مختلف مراحل میں ضروری رہنمائی اور تعاون فراہم کرتا ہے۔

پروگرام کے اختتام پر ایڈووکیٹ رافع اسلام، زونل ڈائریکٹر، شاہین گروپ اترپردیش نے تمام مہمانوں، طلبہ اور والدین کا شکریہ ادا کیا اور پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے تمام شرکاء کے تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔اس موقع پر عبدالرحمن، محمد آصف قاسمی اور فیصل مبعود سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود رہیں۔

مذکورہ اطلاع شاہین گروپ اترپردیش کے زونل ڈائرکٹر رافع اسلام نے پریس ریلیز کے ذریعہ دی ہے۔

 

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے