(حفظ الرحمٰن فیضی: فائل فوٹو)

مجیب الرحمٰن فلاحی

اٹوا سدھارتھ نگر: تقویٰ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی، کھڑولی کلیان ممبئی کے ناظم حفظ الرحمٰن فیضی نے کہا کہ اسلام امن و شانتی، محبت، اخوت اور انسانیت کی خدمت کا دین ہے۔ اسلام کسی بھی انسان کے ساتھ بلاوجہ نفرت، ظلم اور زیادتی کی تعلیم نہیں دیتا، بلکہ قرآن و سنت میں عدل، رحم، حسنِ اخلاق اور باہمی احترام پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں انسانوں کو ایک دوسرے کے ساتھ عدل و احسان کا معاملہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی پوری حیاتِ طیبہ انسانیت کے لیے رحمت، محبت اور حسنِ سلوک کا عملی نمونہ ہے۔ آپ ﷺ نے کمزوروں، محتاجوں، پڑوسیوں اور معاشرے کے ہر طبقے کے حقوق کی حفاظت کی اور انسانوں کو باہمی محبت و بھائی چارے کی تلقین فرمائی۔
حفظ الرحمٰن فیضی نے کہا کہ آج کے دور میں معاشرے کو نفرت اور انتشار کے بجائے محبت، برداشت اور رواداری کی ضرورت ہے۔ ہمیں مذہب، ذات، برادری اور دیگر اختلافات سے بالاتر ہوکر ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کرنا چاہیے۔ نوجوان نسل کو اسلامی تعلیمات کے حقیقی پیغام سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ وہ ملک و معاشرے کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کرسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کا پیغام امن ہے، اس لیے ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے کردار اور عمل سے اسلام کی خوبصورت تعلیمات کو عام کرے۔ محبت، اخوت، خدمتِ خلق اور حسنِ اخلاق کے ذریعے ہی ایک مضبوط، پُرامن اور خوشحال معاشرہ تشکیل دیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ نفرتوں کو ختم کرکے محبت و بھائی چارے کو فروغ دیں اور ملک میں امن و شانتی قائم رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے