مہوا، ویشالی (پریس ریلیز): معروف معلم ماسٹر محمد رضاء الہدیٰ رحمانی تقریباً ساڑھے چودہ سال کی طویل، مخلصانہ اور قابلِ قدر تعلیمی خدمات انجام دینے کے بعد 31 اگست 2026ء کو سرکاری ملازمت سے سبکدوش ہوگئے۔ ان کی سبکدوشی پر اہل خانہ، رفقائے کار، شاگردوں اور متعلقین کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔

ماسٹر محمد رضاء الہدیٰ رحمانی نے اپنی تدریسی خدمات کا آغاز 18 فروری 2012ء کو گورنمنٹ پرائمری اسکول رام پور سنگھاڑا اردو سے کیا۔ تقریباً گیارہ برس تک انہوں نے پوری محنت، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ  صدر مدرس کے عہدہ پر فائز ہوکر تدریسی خدمات انجام دیے اور طلبہ کی علمی و اخلاقی تربیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کے تدریسی دور میں تعلیم و تربیت کے ساتھ طلبہ کی ضروریات اور تعلیمی مسائل پر خصوصی توجہ ان کی شناخت رہی۔
صحت کی کمزوری اور گھر سے قریب تدریسی خدمت کا موقع ملنے کے بعد وہ  12 اکتوبر 2023ء کو پرائمری اسکول رام پور سنگھاڑا اردو سے منتقل ہوکر  اگلے روز، 13 اکتوبر 2023ء کو مڈل اسکول بالی بتھنا میں ان کی تقرری عمل میں آئی۔ یہاں بھی انہوں نے اپنی ذمہ داریوں کو پوری دیانت داری، محنت اور حسنِ کارکردگی کے ساتھ انجام دیا۔
سرکاری ضابطے کے مطابق 31 اگست 2026ء کو ان کی ملازمت کی مدت مکمل ہوئی اور وہ باقاعدہ سبکدوش ہوگئے۔ اس طرح ان کی تدریسی زندگی کا ایک طویل اور قابلِ ذکر مرحلہ اختتام پذیر ہوا۔
اس موقع پر خانوادۂ ہدیٰ کے سرپرست اور نائب ناظم امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نے اپنے چھوٹے بھائی ماسٹر محمد رضاء الہدیٰ رحمانی کی سبکدوشی پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی طویل تعلیمی، تدریسی اور غیر تدریسی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ درس و تدریس محض ایک ملازمت نہیں بلکہ نسلِ نو کی تعمیر و تربیت کی اہم ذمہ داری ہے، جسے ماسٹر محمد رضاء الہدیٰ رحمانی نے طویل عرصے تک اخلاص اور ذمہ داری کے ساتھ نبھایا۔
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نے ان کی آئندہ زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے صحت و تندرستی، عافیت اور خوش حالی کی دعا کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سرکاری ملازمت سے سبکدوشی کے بعد بھی ان کا علمی، اور سماجی  سفر حسبِ سابق جاری رہے گا اور ان کا تجربہ نئی نسل کے لیے مفید ثابت ہوگا۔خانوادہ ھدی کے ارکان کے علاوہ ماسٹر چندر بھوشن، ماسٹر ہریش چندر پرساد، ماسٹر پنکج کمار، ماسٹر محمد اسماعیل رضا، ماسٹر معاذمصباحی،ماسٹر آفتاب عالم،ماسٹر محمد انظار الحق،ماسٹر امرندرکمار،ماسٹر بدیع الزماں،محترمہ سپنا کماری، محترمہ کنچن کماری، محترمہ سومیگھا  کماری، محترمہ سیما کماری،محترمہ صبا وارث  ، مولانا محمد قمرعالم  ندوی، مولانا عبد الرافع قاسمی نے بھی اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے