جمعیۃعلماء ضلع میدک کے جائزہ اجلاس سے پیر خلیق احمد صابر اور مولانا جاویدعلی حسامی کا خطاب

سنگاریڈی 22/ اکتوبر( نمائندہ): جمعیۃعلماء تلنگانہ کے ضلعی صدورو نظما ئے اعلیٰ کے اجلاس میں طئے شدہ پروگرام کے مطابق حضرت مولانا سید شاہ احسان الدین صاحب دامت برکاتہم صدر جمعیۃعلماء تلنگانہ کی ہدایت پر قائد محترم حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب مدظلہ جنرل سیکریٹری جمعیۃعلماء تلنگانہ کی نگرانی میں جمعیۃعلماء ضلع میدک کا ایک روزہ جائزہ اجلاس بمقام مسجد بلال‘ مخدوم پور‘شیوم پیٹھ منڈل‘ضلع میدک منعقد ہوا۔جس میں ضلع میدک کے منڈلوں کے صدور‘ نائب صدور‘نظما ئے اعلی کے علاوہ دیگر ذمہ داران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اجلاس کا آغازحافظ و قاری شیخ منیر صاحب کی قرا ئت کلام پاک اور نعت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ہوا۔ مولانا قاضی محمد مسیح الدین قاسمی صدر جمعیۃعلماء ضلع میدک نے ابتداء میں استقبالیہ کلمات کے بعد ریاستی ذمہ داروں کو جمعیۃ علماء ضلع میدک کی سرگرمیوں اور احوال سے واقف کروایا۔ بعدازاں حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب ریاستی جنرل سیکریٹری نے اپنے تفصیلی تربیتی خطاب کے دوران موجودہ حالات میں جمعیۃ کے تعمیری کاموں کی اہمیت ضرورت اور افادیت کوبیان کرتے ہوئے اس پر عمل آور کو یقینی اور مؤثر بنانیکے طریقہ کار سے ذمہ داران جمعیۃکو واقف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج ہم ہاتھ پرہاتھ دھرے بیٹھ جائیں تو وہ دن دور نہیں جب ہماری ریاست میں بھی وہی حالات رونما ہونگے جو آسام‘ بہار‘ بنگال اور یوپی میں ہوچکے ہیں۔ ریاستی جنر ل سیکریٹری نے کہا کہ ہمارا تعلق کسی سیاسی پارٹی سے نہیں ہے‘جو پارٹی ہمارے مطالبات کو تسلیم کریگی اور اقلیتوں کے مفادمیں کام کریگی ہم اسکا ساتھ دینگے اور جو مسلمانوں کو نظر انداز کریگی ہم اسکو سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات میں سے ایک مطالبہ یہ ہیکہ ہیٹ کرائم اور ہیٹ اسپیچ کیخلاف قانون بنایا جائے۔ریاستی جنرل سیکریٹری نے تمام ذمہ داران سے کہا کہ ہم کو ایک ایسے طریقہ کار کو اپنانا چاہیے جس کے ذریعہ سے مقامی اور دیہات کی جمعیۃکا کوئی کارکن اگراپنی بات کو مرکزی جمعیۃ تک پہنچانا چاہتا ہو توبآسانی پہنچا سکے۔
مولانا حافظ محمد جاوید علی حسامی سرپرست جمعیۃعلماء ضلع میدک نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےتمام کارکنان و ذمہ داران سے جمعیۃ کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئےکہا کہ آج کام کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بے شک ہمارے اکابرین نے بڑی قربانیاں دیں ہیں لیکن آج ہم صرف انکی قربانیوں کو یاد کرنے پر اکتفا نہ کریں بلکہ ہم بھی کچھ کریں۔مولانا نے کہا کہ آج مسلمان دنیاکی فانی چیزوں کیلئے اپنی آخرت کو برباد کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلمان ساری انسانیت اور بالخصوص مسلمانوں کا خیر خواہ ہوتا ہے۔مولانا محمد جاوید علی حسامی سر پرست جمعیۃ علماء ضلع میدک نے کہا کہ جمعیۃ کے کاز کیلئےکام کرنے اور اسکے کاموں کومؤثر بنانے اور اس پرعمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے میں ہمیشہ تیار ہوں۔
اجلاس سے مفتی سید معراج الدین ابرار سیکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ‘مولانا سید عظیم الدین سبیلی‘ محترم حافظ محمد اسماعیل نے بھی خطاب کیا۔ضلع میدک کا دورہ کرنے والے ریاستی وفد میں الحاج شیخ یونس الدین جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع میڑچل و ملکاجگری بھی شامل تھے۔ تمام مقررین نے حضرت مفتی سلطان صاحب نور اللہ مرقدہ سابق نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع میدک کی دینی‘ ملی‘ سماجی اور رفاہی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لئے دعائے مغفرت کی۔
اس موقع پر حافظ محمد ریحان صاحبزادہ حضرت مفتی سلطان صاحب ؒنے تمام شرکائے اجلاس سے اپنے والد صاحب کیلئے دعاء کی درخواست کی۔اجلاس کی کاروائی حافظ محمد قطب الدین جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع میدک نے چلائی جبکہ کلمات تشکر مولانا سید عظیم الدین حسامی نے ادا کئے ۔ آ خر میں حضرت مولانا جاوید علی حسامی کی دعاء پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔جناب سید سرورصدر کمیٹی مسجد بلال‘جناب غوث پاشاہ‘جناب شہباز‘جناب قادر پاشاہ‘ جناب شیخ عتیق‘ جناب محمد شریف کے علاوہ دیگر نوجوانوں نے انتظامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے