انورعلی ندوی
مہراج گنج ،دوگہرا:۱۱ ستمبر بروز جمعہ مدرسہ عربیہ دارالقرآن دوگہرا میں ’’تقسیم تشجیعی انعام‘‘ کے عنوان سے ایک دینی و تربیتی پروگرام حضرت مولانا اسلام الدین صاحب قاسمی دامت برکاتہم کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں مدرسہ نور العلوم مدھولیا، نیپال کے مہتمم مولانا محمد خالد صاحب ندوی بطور مہمان خصوصی شریک رہے۔
صدرِ جلسہ حضرت مولانا اسلام الدین صاحب قاسمی نےطلبہ اور ان کے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ علم دین کے حصول میں اخلاص کو اول درجہ حاصل ہونا چاہیے۔ علم اور علماء کی قدر و منزلت کو سمجھنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے طلبہ کو دین پر استقامت کے ساتھ قائم رہنے اور حصولِ علم میں مسلسل محنت کرنے کی تلقین کی۔
مہمان خصوصی مولانا محمد خالدصاحب ندوی نے تربیتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حصولِ علم کے لیے طلبہ کو محنت کے ساتھ اپنے اساتذہ، مدرسہ کے ذمہ داران، مدرسہ کی عمارت، کتاب، کاپی ، قلم حتیٰ کہ زمین پر پڑے ہوئے کاغذ کے ٹکڑے کا بھی ادب و احترام کرنا چاہیے، تب ہی علم میں برکت اور حقیقی فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کے سرپرستوں کو مخاطب کرتے ہوئے مولانا علی میاں ندویؒ کا قول نقل کیا کہ’’ بچوں کی تعلیم کے لیے والدین کو اتنی ہی فکر کرنی چاہیے جتنی وہ اپنے بچوں کے علاج کی فکر کرتے ہیں‘‘۔
مدرسہ کے ناظم مولانا انور علی صاحب ندوی نے طلبہ کو محنت اور لگن کے ساتھ علم حاصل کرنے کی تلقین کی انہوں نے صدرِ جلسہ حضرت مولانا اسلام الدین صاحب قاسمی دامت برکاتہم سے حاصل ہونے والے علم اور ان کے تربیتی انداز کا بھی طلبہ کے سامنے ذکر کیا۔
پرائمری اسکول دوگہرا کے ہیڈ ماسٹر اروند کمار صاحب نے طلبہ کی پیش کردہ تعلیمی و ثقافتی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے کہا کہ اگر بچے اسی طرح محنت کرتے رہے تو مستقبل میں ماسٹر، ڈاکٹر اور انجینئر بن سکتے ہیں۔ اسرینا کے ڈاکٹر عظمت علی نے بھی طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس پروگرام میں ششماہی امتحان میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو خصوصی انعامات اور ابتدائی اول سے درجہ ششم تک کے تمام طلبہ و طالبات کو تشجیعی انعامات دیا گیا اس موقع پر مدرسہ کے ناظم نے واضح کیا کہ تمام طلبہ وطالبات ششماہی امتحان میں کامیاب ہیں، کوئی طالب علم فیل نہیں ہے۔
پروگرام کا آغازتلاوت قرآن کریم سے ہوا اور پھر طلباء نے مدرسہ کا ترانہ، اردو، ہندی اور انگریزی زبان میں تقاریر پیش کیا ۔اس پروگرام میں خطبہ استقبالیہ اور نظامت کے فرائض حافظ صدر عالم صاحب فرقانی صدر مدرس دارالقرآن دوگہرانے پیش کیا ،اوریہ پروگرام زیر قیادت ناظم دارالقرآن دوگہرامولانا انور علی صاحب ندوی انجام پایا ۔
پروگرام میں مدرسہ کے اساتذہ، کمیٹی کے تمام ذمہ داران و اراکین سمیت مدرسہ کے صدر مولانا محمد طلحہ صاحب ندوی، عبداللہ صدیقی، ماسٹر محمد زماں اور بزرگ شاعر جناب تعلم صاحب موجود رہے۔ تمام شرکاء نے پروگرام کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیااور جناب صدرجلسہ کی دعا کے ساتھ پروگرام کے اختتام ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے