انعامی پروگرام مدرسہ عربیہ ضیاء العلوم، محبوب نگر ( گدھمروا) میں ہوگا منعقد

نوگڈھ، سدھارتھ نگر:جمعیۃ علماء حلقہ نوگڈھ، ضلع سدھارتھ نگر کی جانب سے مدارس اسلامیہ کے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے مجوزہ انعامی پروگرام کے سلسلے میں گزشتہ ۲۵؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء، بروز اتوار، جامعہ سیدنا ابوہریرہؓ، پچھورا میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔
میٹنگ میں طے پایا کہ گزشتہ ششماہی امتحان میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے درجہ سوم، چہارم اور پنجم کے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامی پروگرام ۸؍ نومبر ۲۰۲۶ء، بروز اتوار، صبح ۱۰ بجے، مدرسہ عربیہ ضیاء العلوم، محبوب نگر، عرف گدھمروا میں منعقد کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں یہ بھی طے پایا کہ جمعیۃ علماء کے بعض اراکین متعلقہ مدارس و مکاتب کے صدور سے ملاقات کریں گے کہ ششماہی امتحان میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے نام، ولدیت، مکمل پتہ، درجہ اور پوزیشن کی تفصیلات فراہم کریں، تاکہ انعامی پروگرام کے انتظامات بہتر انداز میں انجام دیے جا سکیں۔
اس مقصد کے لیے مختلف مدارس و مکاتب کے صدور سے ملاقات کی ذمہ داری متعدد اراکین کو سونپی گئی ہے۔ ان حضرات میں مولانا عبدالحسیب صاحب، مولانا سہیل احمد صاحب، مولانا ابوالکلام صاحب، مفتی ابوالکلام صاحب، مولانا سمیع الدین صاحب اور مولانا محمد طیب صاحب سمیت دیگر ذمہ داران شامل ہیں۔ متعلقہ اراکین اپنے اپنے دائرۂ کار میں مدارس و مکاتب کے ذمہ داران سے رابطہ کرکے طلبہ کی مطلوبہ تفصیلات جمع کریں گے۔
جمعیۃ علماء حلقہ نوگڈھ کی اس کوشش کا مقصد مدارس اسلامیہ کے طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں کو سراہنا، ان میں مزید محنت اور آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کرنا اور تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے