نوگڈھ، سدھارتھ نگر، ۲۰؍ اکتوبر: جمعیۃ علماء حلقہ نوگڈھ کے زیر اہتمام بعد نمازِ ظہر مسجد نور الہدیٰ، نوگڈھ میں ضلعی جمعیۃ علماء سدھارتھ نگر کے ذمہ داران کی آمد پر ایک اہم نشست منعقد ہوئی، جس کا عنوان ’’مقامی یونٹوں کی بیداری‘‘ تھا۔ نشست کی صدارت حضرت مولانا ہدایت اللہ صاحب قاسمی، ناظم ضلعی جمعیۃ علماء سدھارتھ نگر نے کی۔
اس موقع پر مولانا ہدایت اللہ صاحب قاسمی نے اراکین جمعیۃ کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہوئے تنظیمی سرگرمیوں میں سرگرم کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے جمعیۃ علماء کو درپیش حالات اور ملکی صورتِ حال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ذمہ داران اور کارکنان کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو سنجیدگی سے ادا کریں۔ فرائض سے غفلت محض تنظیمی کمزوری نہیں، بلکہ اس پر اللہ تعالیٰ کے حضور جواب دہی بھی ہوگی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جمعیۃ علماء کے پلیٹ فارم سے اصلاحِ معاشرہ کے پروگراموں کو فروغ دیا جائے اور سماج میں باہمی اعتماد، اتحاد اور ہم آہنگی کی فضا قائم کرنے کی کوشش کی جائے۔ اس سلسلے میں انہوں نےبرادران وطن کے ساتھ رابطہ بڑھانے اور ان کے درمیان بیداری پیدا کرنے کے لیے ’’ہندو مسلم بھائی بھائی‘‘ کے پیغام کے تحت ایک ’’یکجہتی پروگرام‘‘ منعقد کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں برادران وطن کو بتانا چاہئے کہ حکومتیں آتی جاتی رہیں گی، لیکن ہمیں اسی معاشرے میں مل جل کر رہنا ہے؛ اس لیے ضروری ہے کہ نہ ہم ایک دوسرے کے بارے میں بدگمانی رکھیں اور نہ ہی باہمی فاصلے بڑھنے دیں۔ موجودہ حالات میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور باہمی اعتماد کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پروگرام کا آغازحافظ رفیع الدین سلمہ کی پُرسوز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا، جب کہ عین الہدیٰ سلمہ نے اپنی خوش الحانی سے حمدِ باری تعالیٰ پیش کی اور شکیب الحسن سلمہ نے نہایت عمدہ انداز میں نعتِ نبوی ﷺ پیش کی۔
نشست میں جمعیۃ علماء حلقہ نوگڈھ کے صدر حضرت مولانا محمد نعیم قاسمی، نائب صدر مفتی ابو الکلام قاسمی، جنرل سکریٹری مولانا ابوالکلام قاسمی، انچارج نشر و اشاعت ابوالکلام آزاد ندوی، حافظ غیاث الدین (مدرسہ ہدیٰ گرلس کالج، خوشراج پور)، مولانا عبد المنان (مدرسہ عربیہ بیت العلوم، بنکے گاؤں)، مولانا ابرار قاسمی (مدرسہ تعلیم القرآن ایجوکیشنل سوسائٹی، بدلپوروا)، محمد اظہر (دارالعلوم رحیمیہ، بانسی کوتوالی)، مولانا محمد شاہد (مدرسہ اشرف العلوم، کنونا)، محمد یونس (بدلپوروا)، حافظ وحید الرحمٰن (خادم مدرسہ تعلیم الدین، مہوریا)، مولانا سہیل احمد (جامعہ سیدنا ابوہریرہؓ، پچھورا) سمیت دیگر اراکین و ذمہ داران موجود تھے۔
