• پانچواں عظیم الشان جلسہ درود پاک ایک مقبول ترین عبارت کا شاندار انعقاد
  • ڈاکٹر شاہ محمد افضل الدین جنیدی اور مولانا امین القادری کا خطاب
بیدر۔ 21؍ستمبر (ڈاکٹر ماجد داغی):  کوئی بھی نیکی یا عبادت ایسی نہیںہے جس کی قبولیت یقینی اور قطعی ہے لیکن درود پاک ایک ایسی مقبول ترین عبادت ہے جس کی قبولیت یقینی ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈاکڑ حضرت شیخ شاہ محمد افضل الدین جنیدی سراج بابا قبلہ سجادہ نشین بارگاہ حضرت شیخ دکن علیہ الرحمہ نے کیا وہ کل رات سماع خانہ بارگاہ حضرت شیخ دکن علیہ الرحمہ میں حجرۂ صلوٰۃ کے پانچویں سالانہ جلسے سے خطاب کر رہے تھے ۔ اُنھوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو درود و سلام کا حکم مطلق عطا فرمایا ہے۔ لیکن توفیق صرف ان ہی لوگوں کو ملتی ہے جن پر سرکاردوعالم ﷺ کا خاص کرم ہوتا ہے۔
اُنھو ں نے کہا کہ درود پاک ایک ایسا عمل ہے جو دعاؤں ، عبادتوں ، اور اعمال صالحہ کو قبولیت کے درجے تک پہنچادیتا ہے اور قاریٔ درود کو خدا اور رسول ِ خدا کا خاص قرب نصیب ہوتاہے۔ قبر روشن ہوتی ، حشر میں سرکار دو عالم ﷺ کی شفاعت عطاء ہوتی ہے۔ حضرت سراج بابا قبلہ نے حجرۂ صلوٰۃ میں کی گئی درود خوانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ پانچ سالوں میں حجرۂ صلوٰۃ میں چھتیس کروڑ بیس لاکھ دوہزار مرتبہ درودپاک پڑھا گیا ہے۔حجرۂ صلوۃ میں ان پانچ سالوں میں 15428؍ افراد نے چوبیس گھنٹے درودخوانی کی سعادت صاصل کی ہے۔
حضرت مولانا سید امین القادری نگراں سنی دعوت اسلامی مالیگاؤں نے اپنے گرانقدر علمی خطاب میں کہا کہ حدیث پاک میں ہے کہ نبی کریم ﷺ فرماتے ہیں کہ جو بندۂ مومن مجھ پر ایک مرتبہ درود پاک پڑھتا ہے اللہ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں نازل فرماتا ہے۔ مولانا نے کہاکہ بندہ اپنی حیثیت کے مطابق رسول کریم ﷺ پر درود بھیجتا ہے۔ جس کے بدلے میں اللہ تعا لیٰ اس بندے پر اپنی شان اقدس کے شایان شان دس مرتبہ رحمت بھیجتا ہے۔ مولانا نے مزید کہا کہ درود پاک کے ورد کی برکت سے قاری ٔ درود کا چہرا اور دل روشن ہوجاتے ہیں۔
مولانا نے حدیث پاک کے حوالے سے کہا جو مسلما ن روزانہ ایک ہزار مرتبہ درود پڑھتا ہے وہ مرنے سے پہلے جنت میں اپنا مقام دیکھ لیتا ہے اور جو کثرت سے درود پڑھتا ہے اُسے محشر میں عرش اعظم کا سایہ نصیب ہوگا اور رسول کریم ﷺ اسکی شفاعت فرمائیں گے ۔ مولانا حافظ و قاری شاہ محمد فخرالدین مانیال نے جلسے کی کاروائی بحسن و خوبی چلائی ،محترم طاہر علاء الدین جنیدی طاہر بابا جا نشین سجادہ نشین شیخ روضہ نے قرأت اور اسماعیل ملا نے نعت خونی کا شرف حاصل کیا۔ جلسہ میں حضرت سراج بابا قبلہ نے مولانا سید امین القادری کو تہنیت پیش کرتے ہوئے قرقہ پوشی و گلپوشی فرمائی اور تمام مہمانا نِ خصوصی حضرت سید شاہ عامر سقاف قادری سادات قبلہ سجادہ نشین و موروثی متولی بارگاہ علیہ سقافیہ سقاف روضہ بیجاپور، حضرت سید شاہ مختار پیراں توکلی صاحب سجادہ نشین انب روضہ، حضرت سید شاہ ہدایت اللہ قادری صاحب سجادہ نشین درگاہ عملی محلہ، حضرتسید شاہ معین الدین حسینی صاحب سجادہ نشین بٹلی الاوہ گلبرگہ شریف کی شال پوشی فرمائی ۔
اس بات کی اطلاع مذکورہ جلسہ کے ذرائع نے دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے