فوٹو: علامہ محمد عمر قاسمی

جمعیۃ علماء ہند کے ضلع صدر اور بزرگ عالم دین نے رو بہ صحت ہونے کے بعد نمائندہ سے خصوصی گفتگو میں کہا

مہنداول (سنت کبیرنگر): جمعیۃ علماء ہند کے ضلع صدر اور بزرگ عالم دین علامہ محمد عمر قاسمی کی طبیعت رو بہ صحت ہوگئی ہے۔ واضح ہوکہ علامہ محمد عمر قاسمی کو فالج کا اٹیک آگیا تھا، جس سے تین دن علامہ بے ہوشی(کوما) کے عالم میں تھے، اور علامہ کرشنا مشن ہاسپٹل بستی میں زیر علاج تھے۔ علامہ محمد عمر قاسمی نے اخباری نمائندوں سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ صدقہ بلاؤں کو دور کرتا ہے، جس کا مشاہدہ ہم نے اپنی کھلی آنکھوں سے کیا، ہمارے اہل خانہ نے ہمارے بیمار پڑنے پر بہت صدقہ کیا، جس کی وجہ سے مجھے پیرانہ سالی کے باوجود دوبارہ زندگی ملی۔

انھوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مال میں غریبوں، محروموں اور سائلوں کا حق ہے ہمیں ان کو صدقات خوشی کے ساتھ ان کا حق سمجھ کر دینا چاہئے، کیونکہ اللہ غریبوں میں دیا ہوا مال کو اپنا قرضہ مانتا ہے، اور اس کے بدلے اپنی شان کے مطابق بہت زیادہ عطا کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ہمارے مالدار غریبوں کو ان کا حق دینے لگیں تو ہمارے سماج سے غربت کا خاتمہ ہو جائے گا۔

زکوٰۃ اور صدقات کا نظام سماج میں یکسانیت پیدا کرنے اور سبھی انسانی زندگی کی بقا کے لئے ہے۔ اس لئے خلافت راشدہ، خلافت بنی امیہ اور عباسیہ میں اسلامی نظام حکومت کی وجہ سے بہت خوشحالی اور مال کی فراوانی تھی۔انھوں نے دعائے صحت یابی کے لئے سبھی علماء، حفاظ، متعلقین اور متوسلین کا بھی شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے