بیدر۔ 14؍نومبر (پریس نوٹ): اردو کے معروف خطاط مولوی عبدالرحیم کاآج انتقال پرملال ہوا۔ان کے سانحہ ء ارتحال پر جناب محمدیوسف رحیم بیدری سکریڑی یارانِ ادب بیدر نے ایک پریس نوٹ جاری کرکے تعزیت کا اظہار کیاہے اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ بیدر کے معروف خطاط اور شعبہ ء تدریس کی باعلم اور باعمل شخصیت مولوی عبدالرحیم صاحب کی مغفرت ہو اور انہیں کروٹ کروٹ جنت نصیب ہو۔آمین۔

جناب محمدیوسف رحیم بیدری نے اپنے تعزیتی بیان میں کہاہے کہ مولوی عبدالرحیم صاحب پیشہ ء تدریس سے وابستہ رہے ، وظیفہ یابی تک مسلسل اپنی ملازمت کو پوری ایمانداری سے نبھاتے ہوئے علیحدہ سے’’ رحیمیہ پریس‘‘ چلایا۔ جہاں وہ فنِ خطاطی کاعملی مظاہرہ کرتے تھے ۔ جس زمانے میں پتھر پر الٹالکھاجاتاتھا، اس زمانے میں وہ پتھر پر اردو میں الٹالکھ کر شادی بیاہ ، فاتحہ سیوم اور چہلم وغیرہ کے رقعہ جات کے علاوہ مختلف دینی اور سیاسی اشتہارات اردو زبان میں تیار کیاکرتے تھے۔ دونوں ہاتھوں سے لکھنے کاہنر مرحوم کو آتاتھا۔

جناب بیدری نے بتایا اب جب کہ اردو ان پیج کا بول بالا ہے تو اس سے فنِ خطاطی کو سخت نقصان پہنچاہے لیکن خطاطی کے شائقین آج بھی اپنے رقعہ جات کسی معروف خطاط ہی سے لکھاتے ہیں۔ بید رمیں یہ فن قریب الختم ہے۔ شادی بیاہ کے رقعہ جات ہوں یا کسی عظیم الشان جلسہ کے اشتہارات پر اردوخطاطی کاہنردکھانے والے یہاں بیدر میں بس انگلیوں پر گنے جاسکتے ہیں۔ مولوی عبدالرحیم صاحب کے انتقال سے خطاطی کے ایک دور کاخاتمہ ہوگیا۔ اللہ تعالیٰ خطاطی کے فن کو جلابخشتے ہوئے نئے خطاط بیدر کی خطاطی کے منظر عام پر لے آئے۔ آمین.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے