بیدر۔12؍ڈسمبر (محمدیوسف رحیم بیدری): مولانا لئیق اللہ خاں منصوری، ریاستی کوآرڈنیٹر،مجلس العلماء،تحریک اسلامی ہند، کرناٹک کی اطلاع کے بموجب ان شاء اللہ مجلس العلماء، تحریک اسلامی ہند، کرناٹک کی جانب سے ارکان مجلس کی دو روزہ ریاستی کانفرنس 21اور 22؍دسمبر 2024 (ہفتہ و اتوار)کو بنگلور کے شام پور (گاندھی نگر)علاقہ میں واقع شفیع باغ میں منعقد کی جارہی ہے۔ تقریباً 500 علماء کی شرکت متوقع ہے۔
اس کانفرنس میں دین کا جامع تصور اور اسلامی اجتماعیت، تحریک اسلامی کی فکری بنیادوں کا استحضار، فریضہء دعوت اور علمائے کرام، عالمات سے خطاب۔’’معمارِ جہاں تو ہے‘‘، علماء و عالمات کا ارتقاء اور صلاحیتوں کا نشونما، فرد کا ارتقاء۔معاشرہ کی تعمیر۔ریاست کی تشکیل، اختلافی مسائل میں تحریکِ اسلامی کا مسلکِ اعتدال، تمکینِ امت۔کیوں اور کیسے؟ ملک و ملت کو درپیش چیلنجس اور ہمارا لائحۂ عمل، ملکی و عالمی حالات اور امت کا روشن مستقبل، جماعت اسلامی ہند۔مقصد، خصوصیات اورخدمات، تحر یکی لٹریچر۔ ایک تعارف، ہندوستان میں اقامت دین کی اجتماعی جدوجہد اور علمائے کرام جیسے موضوعات پرجناب سید سعادت اللہ حسینی، امیر، جماعت اسلامی ہند، جناب یس امین الحسن، نائب امیرجماعت، ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی، سکریٹری جماعت، جناب محمد اقبال ملا، رکن شوریٰ، جناب ڈاکٹر محمد سعد بلگامی، امیر حلقہ، کرناٹک، جناب محمد اطہر اللہ شریف، سابق امیر حلقہ، کرناٹک، مولانا وحید الدین خان عمری مدنی، ناظم اعلیٰ، مجلس العلماء، کرناٹک اور محترمہ ساجد النساء، رکن شوریٰ، کرناٹک اظہار خیال کریں گے۔
مجلس العلماء سے جڑے تمام ارکان سے گزارش کی جاتی ہے کہ اس اہم کانفرنس میں اپنی شرکت کو یقینی بناکر کانفرنس کو کامیاب کریں۔ جو علماء مجلس العلماء سے جڑنا چاہتے ہیں اور اس کے رکن بننا چاہتے ہیں، ان کوبھی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔واضح رہے کہ عالمات اور فارغات مدارس کے لیے مجلس العالمات کا قیام عمل میں آیا ہے اور اس کانفرنس میں عالمات کی شرکت و استفادہ کا بھی موقع بنایا گیا ہے، لہٰذا ریاست کرناٹک میں مقیم عالمات اور فارغات مدارس سے بھی گزارش کی جاتی ہے کہ وہ کانفرنس میں شرکت فرماکر مستفید ہوں۔
