اٹوا، سدھارتھ نگر: بزم اربابِ ادب اٹوا کی 95 ویں ماہانہ طرحی نشست جناب ڈاکٹر ایازاحمد اعظمی کی صدارت اور جناب محمد جمال اجمل کی نظامت میں جمال ٹریڈرس اٹوا میں منعقد ہوئی ،جناب مسعود الحق رحمانی نے نعتِ رسول ِ مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی۔شب میں آن لائن تحریری مشاعرہ ہوا جس میں شعرآ ء نے اپنے طرحی کلام پیش کیے منتخب اشعار اردو دوست، ادب نواز، باذوق قارئین کی بصارتوں کے حوالے ہیں ۔

اس کا احساس ہے پیراہنِ جاں میرے لیے

میں کہاں جیتا ہوں، ہاں اس نے جیا ہے مجھ کو

ڈاکٹر ایاز اعظمی

میں ہی مظلوم بھی مقتول بھی خوں گشتہ بھی

اور قاتل بھی عدالت نے لکھا ہے مجھ کو

جمال قدوسی

ہاۓ! ظالم کا یہ اندازِ ستم تو دیکھو

مسکراتے ہوۓ آزار دیا ہے مجھ کو

ہدایت اللہ خان شمسی

جو وفاداروں پہ مشکوک نظر رکھتے ہیں

ایسے نادانوں پہ افسوس رہا ہے مجھ کو

التجا حسین نور صدیقی

ظلم جب ہوگا قلم میرا اٹھے گا عاجز

ظالمِ وقت! نہیں خوف ترا ہے مجھ کو

سید عزیز الرحمان عاجز

جب بھی سویا ہوں تخیل کو ترے ساتھ لیے

ٹوٹتا پھوٹتا اک خواب دکھا ہے مجھ کو

ڈاکٹر جاوید کمال

ہجر کے درد نے کچھ اس طرح ستم ڈھایا ہے

آج کل درد بھی پہلے سے سوا ہے مجھ کو

ارشد اقبال

تیری جانب سے تغافل کا تسلسل ہے مگر

چھوڑ دوں میں بھی تجھے کب یہ روا ہے مجھ کو

محمد جمال اجمل

کیسے مانوں کہ مرا دوست نہیں دشمن ہے

جب ملا وہ کہیں ہنس کے ملا ہے مجھ کو

شکیل ضاغط

بارہا دامِ محبت میں پھنسا کر تونے

اپنی مخمور نگاہوں سے چھلا ہے مجھ کو

عبدالرب جوہر

کون ہے وہ جو نگاہوں سے پڑھا ہے مجھ کو

ہر کسی موڑ پہ ہنس ہنس کے چھلا ہے مجھ کو

برہم دیو شاستری پنکج

اپنی تقدیر سے لڑنے کا ہنر سیکھا ہے

پھر بھی ہر خواب شکستہ سا لگا ہے مجھ کو

ڈاکٹر خان ناصر

رنج و غم، درد و الم، ہجر میں یادیں تیری

اور کیا ان کے سوا تو نے دیا ہے مجھ کو

عبدالمبین مبیں ایس نگری

اس لیے توڑ دی پیمانہ صراحی دونوں

تیری آنکھوں سے ملا جو وہ نشہ ہے مجھ کو

جنید فرہاد لٹیاوی

درد، بےتابی ہے ایسی کہ نہیں چین مجھے

ہجر میں اس کے ملا ایسا مزہ ہے مجھ کو

سلمان حنیف

ہر قدم پر مجھے اپنوں نے دیا ہے دھوکہ

اپنی الفت کا صلہ شاد ملا ہے مجھ کو

شاد حشمت نیپالی

اس موقع پر جناب ماسٹر اکرام محمد صاحب جناب عباس چودھری، انوراگ شری واستو وغیرہ خصوصیت سے شریک رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے