(انجینئر ارشد علی خطاب کرتے ہوئے)
مہنداول ،سنت کبیرنگر: مدرسہ شاکرہ للبنات دھوبہا میں موجودہ دور میں موبائل کے فوائد و نقصانات کے عنوان کے تحت پروگرام منعقد ہوا،جس میں اسسٹنٹ پروفیسر کمپیوٹر انجینئرنگ اے بی ای ایس انجینئرنگ کالج نوئیڈا انجینئر ارشد علی نے بچیوں کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انسان کی عظمت علم و فن پر منحصر ہے،آج کے دور میں موبائل و انٹرنیٹ کی سہولیات کی وجہ سے علم و فن میں مہارت حاصل کرنا آسان ہوگیا ہے،اگر موبائل کا صحیح استعمال ہو تو موبائل انسان کے علم و فن میں نکھار پیدا کرنے کا اہم ذریعہ بنے گا اور اگر اس کا غلط استعمال ہو تو موبائل انسان کا وقت برباد کرکے انسان کو ناکارہ اور نکما بنادے گا۔
انھوں نے کہا کہ اساتذہ واستانیوں سے جو چیز اور سبجیکٹ نہ سمجھ میں آئے،اس کو موبائل کے ذریعہ سمجھ سکتے ہیں،آج کے معاشرہ میں لوگوں کا زیادہ سے زیادہ وقت موبائل کے استعمال میں لگتا ہے،اس لئے ضروری ہے کہ موبائل سے کام کی چیز دیکھیں جس سے اپنے علم و فن میں کامل دسترس رکھنے والے بن سکیں۔انھوں نے کہاکہ موبائل کے غلط استعمال سے ہمارے بچے اور بچیاں ناکارہ بھی بن رہی ہیں۔ اس لئے سرپرستوں کو موبائل کے استعمال کی نگرانی برابر کرتے رہنا چاہئے،یوٹیوب اور ویب سائٹس یوزر کے انٹرسٹ کے مطابق مواد سرفہرست رکھتا ہے۔
انھوں نے کہاکہ بچیوں کو مدرسہ کی ہر سرگرمی میں حصہ لینا چاہئے، جس سے ہماری بچیاں اپنے حق کے لئے ہمیشہ آواز بلند کرنے والی بنیں،ہمیشہ تعلیم کے ساتھ اپنے پسند کے مطابق ہنر بھی سیکھیں، یہ آپ کے لیے آگے چل کر مفید ثابت ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ بچیوں کو اپنے والدیں اور اہل خانہ کی خدمت کرنا چاہئے،اور تعلیم میں اپنا،گھر والوں اور مدرسہ کا نام روشن کرنا چاہئے،جس سے والدین اپنی بچیوں پر فخر کریں۔
اس موقع پر مدرسہ کے بانی و خادم عبدالباقی خان ندوی، عالمہ کلثوم جلال طیباتی، عالمہ رقیہ طالباتی ، معلمہ آفرین عرشی عظیمی، معلمہ زاہدہ صدیقی، معلمہ سعدیہ انتساب عظیمی، جمال اختر، سعید اختر سمیت طالبات وغیرہ خاص طور پر موجود رہیں۔
