لکھنؤ: جماعت اسلامی ہند یوپی مشرق کے امیر ڈاکٹر ملک فیصل فلاحی نے دارالعلوم ندوۃ العلماء کے ناظر عام و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ مولانا سید جعفر مسعود حسنی ندوی کے سانحہ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔
ڈاکٹر ملک فیصل فلاحی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مولانا سید جعفر مسعود حسنی ندوی کے اچانک انتقال سے ندوہ، محبین ندوہ اور ملت اسلامیہ کا عظیم خسارہ ہوا ہے۔ مولانا موصوف خاموش مزاج، بے لوث اور علمی شخصیت کے مالک ہونے کے ساتھ ساتھ انصاف و اعتدال کے داعی، حق گو، بے باک صحافی،تواضع وانکساری اور سادگی کے پیکر تھے۔
مولانا مرحوم عالم اسلام میں مقبول عربی جریدہ ’الرائد‘کے مدیر اعلیٰ، عربی زبان و ادب کے ممتاز صاحب قلم، بہترین انشاء پرداز و اعلیٰ درجہ کے منتظم تھے۔مولانا کے انتقال سے علمی دنیا میں ایک خلاء پیدا ہوگیا ہے۔ ابھی گذشتہ ماہ ۱۶؍ دسمبر کو امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی کی رفاقت میں ندوہ کے ذمہ داران سے ملاقات کا موقع ملا۔ مولانا نے بڑے جوش وخروش کے ساتھ استقبال کیا۔ ندوہ کی سرگرمیوں سے واقف کرایا۔ مولانا کی تصنیفات و تراجم علمی سے کثیر تعداد میں اہل علم استفادہ کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر ملک فیصل فلاحی نے پسماندگان سے تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملت اسلامیہ کو مولانا کا نعم البدل عطا فرمائے، مولانا کی مغفرت فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ لواحقین اور اہل ندوہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔

جماعت اسلامی ہند، یوپی مشرق کے شعبہ میڈیا کے ذریعہ جاری کردہ پریس ریلیز میں مذکورہ اطلاع دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے