نئی دہلی: مولانا محمد علی جوہر اکادمی برائے بین الاقوامی مطالعات، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ہونہار ریسرچ اسکالر شائق حسین نے آج بروز جمعرات، مورخہ 16-01-2025 کو اپنی پی ایچ ڈی تھیسس کا کامیاب دفاع کیا۔ ان کی تھیسس کا موضوع ‘جسٹس اینڈ ڈیویلپمنٹ پارٹی کے دور حکومت میں، خارجہ پالیسی کے ایک عامل کے طور پر ترقیاتی امداد” کے رول کے حوالے سے تھا۔
ڈاکٹر شائق حسین کا یہ مقالہ، ترکی کی خارجہ پالیسی، بین الاقوامی تعلقات، ترقیاتی امداد وتعاون اور خطے و وسیع دنیا میں ڈیویلپمنٹ ایڈ کے مثبت اور تعمیری کردار کے حوالے سے ایک اہم دستاویز ہے۔ اس مقالے کے پیش نظر ان مباحث کو بھی چھیڑنا ہے کہ ملکوں اور اقوام عالم کے درمیان مستقبل میں تعاون و امداد کے نت نئے اور مثبت راستے کیسے تلاش کئے جا سکتے ہیں؟ اس مقالے کی تیاری میں ملک اور بیرون ملک کی اہم لائبریریوں سے استفادہ، نامور افراد سے ملاقاتیں، اور کتابوں کے ایک بڑے ذخیرے سے مراجعت شامل ہے۔ اس دوران ان کے گائڈ و مشرف پروفیسر مجیب عالم کی خصوصی علمی رہنمائی اور تعاون ان کو نصیب رہی۔ جن کی خصوصی توجہ، علمی رہنمائی، فکری تنبیہات اور تحقیقی استفادات کے بغیر اس کام کا معرض وجود میں لانا ناممکن تھا۔ اس موقع پر ان کے گائڈ نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر شائق حسین کا یہ مقالہ، ان کی محنت، لگن، علمی و ذہنی گہرائی کا ثبوت ہے۔
اس موقع پر اکادمی کے ڈائرکٹر جناب غلام محمد شاہ، اور دوسرے اساتذہ و طلباء ساتھیوں نے ڈاکٹر شائق حسین کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور روشن مستقل کی دعائیں دیں۔ اس حوالے سے ان کے اہل خانہ نے بھی انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اس پورے علمی سفر میں موصوف کے ساتھ رہنے والے ساتھیوں میں سے ڈاکٹر اظہر، امتیاز احمد، ڈاکٹر محسن توصیف، حماد، محمد شہنواز بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ شائق حسین کا تعلق بہار کے ضلع نوادہ سے ہے۔ اور وہ پچھلے چار سالوں سے دہلی یونیورسٹی میں تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
