بیدر۔ 5؍فروری(پریس نوٹ): علاقہ کلیان کرناٹک کی معروف اردو نواز،اُردو دوست اوربیک وقت اردو خادم شخصیت ، محب ِ اردو اور سماجی جہدکارجناب خواجہ فریدالدین انعامدار کو یوم جمہوریہ ہند (26؍جنوری2025) کے موقع پربیدر ضلع انتظامیہ ،اور ضلع پنچایت بیدرنے تعلیم کے میدان میں ان کی عمدہ کارکردگی کے پیش نظر شالپوشی اورگلپوشی کرتے ہوئے توصیفی سند اور پھلوں کی ٹوکری کے ذریعہ ان کااعزازیوم جمہوریہ تقریب کے فوری بعد نہرواسٹیڈیم بیدر میں ہزاروں افرادکی موجودگی کے درمیان رکن پارلیمان بیدر جناب ساگر کھنڈرے کے ہاتھوں کیاگیا۔
اس موقع پر بیدر ضلع انچارج وزیر ایشور کھنڈرے ، ڈپٹی کمشنرشلپاشرما، ایس پی بیدر جناب پردیپ گنٹی ، سی ای او ضلع پنچایت بیدرڈاکٹر گریش بدولے اور دیگر سیاسی قائدین موجودتھے۔ ضلع سطح ایوارڈ ملنے پر بیدر کے اردو صحافیوں کی تنظیم کلیان کرناٹک اردو جرنلسٹ اسوسی ایشن بیدر نے خواجہ فریدالدین انعامدار کی شالپوشی اور گلپوشی کے ذریعہ انھیں تہنیت اور مبارک باد پیش کی۔ جناب محمدیوسف رحیم بیدری(صدر) جناب محمد عمران خان (سکریڑی) اراکین میں سراج الحسن شادمان اور فوٹوگرافر محمد سلطان کے علاوہ خواجہ فریدالدین انعامدار کے فرزند اورضلع انتظامیہ گلبرگہ ایوارڈ یافتہ جناب خواجہ سراج الدین انعامدار بھی موجودتھے۔ سراج الحسن شادمان نے خصوصی طورپرخواجہ سراج الدین انعامدار کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انھیں مبارک باد پیش کی۔
واضح رہے کہ خواجہ فریدالدین انعامدار ایک پاؤں سے معذور شخص ہیںاوراسی حالت میں علاقہ کلیان کرناٹک کے بیدرپارلیمانی حلقہ کے دوردرازمقامات جیسے الند ، اور چنچولی کے اسکولوں تک سفر کرتے ہوئے وہاں کے طلبہ میں اردو۔ کنڑا، اردو۔انگریز ی گرامر کی کتابیں اور لغات مفت تقسیم کرتے ہیں ۔ اتنا ہی نہیں بیدر اسمبلی حلقہ (شمال) اور بیدر اسمبلی حلقہ جنوب کے طلبہ میں بھی تقسیم کتب کامعمول گذشتہ کئی دہائیوں سے جاری ہے۔ مذکورہ خبر تاخیر سے بوجوہ دی جارہی ہے۔
