جامعہ مصباح العلوم چوکونیاں میں تقریب تقسیم انعامات

ڈومریاگنج (سدھارتھ نگر): مختلف قسم کے مقابلوں میں شرکت سے تعلیم و تعلیم کے کاز کو جلا ملتی ہے۔ طلبہ کی خفتہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔ جس سے وہ آئندہ ملک و ملت کی تعمیر و تشکیل میں نمایاں رول ادا کر سکتے ہیں۔اس لیے طلباء مدارس کو بین المدارس، ضلعی، ریاستی و ملکی ہر سطح کے مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔

مذکورہ خیالات کا اظہار جامعہ مصباح العلوم چوکونیاں کے کانفرنس ہال میں تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر صدر جامعہ محمد شریف فلاحی نے طلباء و اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر جامعہ نے اس پر زور دے کہا کہ اس پر آشوب دور میں امت کی ترقی کا راز صرف و صرف اسی میں ہے کہ طلباء مدارس کی زندگی تعلیم کے حوالے سے یقیں محکم، عمل پیہم، جہد مسلسل ،طلب نصرت الۂی سے عبارت ہو۔ اور طویل مدتی منصوبہ بندی کے ساتھ نصب العین کے حصول میں لگے رہیں۔ ان شاءاللہ دنیا میں روشن مستقبل کے امین اور آخرت میں فوز و فلاح سے ہمکنار ہوں گے۔

اس موقع پر جنرل نالج، اردو تقریر, قرأت، ایکشن ترانہ، نظم خوانی اور دیگر مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے پر شعبہ ابتدائی کے طلباء و طالبات کو صدر شعبہ احمد علی فلاحی، عبدالروؤف فلاحی، قاری مشتاق احمد، ماسٹر مجیب اللہ، حفیظ الرحمن مفتاحی، اقبال احمد قاسمی، ماسٹر عبدالرب اور حافظ مستقیم کے بدست انعامات سے نوازا گیا۔ تلاوت سے تقریب کا آغاز ہوا۔ نظامت اور انتظام و انصرام کا فریضہ ماسٹر عبدالرب و مولانا احمد علی فلاحی نے انجام دیا۔

اس موقع پر الحاج ثناء اللہ، قمر الزماں قاسمی، عثمان علی قاسمی، عبدالرؤف فلاحی، شبیر احمد فلاحی، ماسٹر عبدالحمید، ماسٹر محمد طاہر کے علاوہ جملہ طلباء و اساتذہ موجود رہے۔ دعا پر تقریب کا اختتام ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے