ظہیرآباد/کوہیر 16/فروری ( مشرقی آواز جدید): حضرت زندہ شاہ مدار و حضرت صوفی شیخ شرف الدین شطاری قادری رحمۃاللہ علیہ کے عرس شریف کے پوسٹر کا رسم اجراء عمل میں آیا۔ تفصیلات کے بموجب عرس انتظامی کمیٹی نے اپنے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ شمس العارفین زندہ شاہ مدار رحمتہ اللہ علیہ کے 38 ویں سالانہ عرس اور حضرت صوفی شیخ شرف الدین شطاری قادری کے 7 ویں عرس شریف کی دو روزہ عرس کی تقاریب بتاریخ 22، 23 فروری مطابق 23، 24 شعبان المعظم بروز ہفتہ، اتوار، نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے بتاریخ 22 فروری مطابق 23 شعبان المعظم بروز ہفتہ بعد نماز عشاء عاشقان اولیاء کی جانب سے درگاہ ممدوح پر صندل مالی کی رسم کی ادائیگی کے بعد احاطہ درگاہ میں نعتیہ محفل و جلسہ سیرت اولیا کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ نیز بتاریخ 23 فروری مطابق 24 شعبان المعظم بروز اتوار بعد نماز مغرب احاطہ درگاہ میں ضیافت کا اہتمام خاص و عام کیا جارہا ہے۔
بعد نماز عشاء درگاہ ممدوح شمس العارفین زندہ شاہ مدار و عارف کامل شاہ صوفی شیخ شرف الدین شطاری قادری رحمتہ اللہ علیہ پر صندل مالی کی رسم کی ادائیگی کے بعد احاطہ درگاہ میں ایک روزہ محفل سماع بمقام درگاہ حضرت زندہ شاہ مدار و حضرت صوفی شیخ شرف الدین شطاری قادری رحمتہ اللہ علیہ، موضع ماچریڈی پلی کوہیر منڈل ضلع سنگاریڈی میں ہوگا۔ اور اس موقع پر درگاہ انتظامی کمیٹی نے عاشقان اولیاء اور بلا لحاظ مذہب ملّت وابستگان اولیاء سے اس عرس تقاریب میں شرکت کی خواہش کی ہے۔۔۔۔
