بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری): گزشتہ شب موضع ملاواں، پوسٹ کھنجنا میں ایک شاندار جلسہ سیرت النبیؐ اور نعتیہ مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ جلسے کی صدارت مولانا آفتاب عالم قاسمی نے فرمائی، جبکہ نظامت کے فرائض مولانا زید آتش نے انجام دیے۔ جلسے کا آغاز حافظ محمد رضی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔
مقررِ خصوصی مولانا شبلی بہرائچی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں اپنے والدین کی اطاعت اور خدمت کو اپنی زندگی کا اہم ترین مقصد بنانا چاہیے۔ جو لوگ اپنے والدین کی عزت نہیں کرتے، وہ دنیا و آخرت میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے رسول اکرمﷺ کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو شخص اپنے والدین کو ستاتا یا نافرمانی کرتا ہے، وہ اپنے لیے جہنم کا راستہ ہموار کرتا ہے۔
صدرِ مشاعرہ استاد الشعرا ایڈوکیٹ احمد سعید حرف نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ سیرتِ نبویؐ کے مطابق زندگی گزارنے میں ہی حقیقی کامیابی ہے۔ آپﷺ تمام عالم کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے۔ آپ کے اخلاق اور کردار سے ہر شخص متاثر ہوتا تھا۔ حضور اکرمﷺ نے ہمیشہ بھائی چارے، اخوت اور علم و تعلیم پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نعتیہ شاعری ہر شاعر کے بس کی بات نہیں، یہ اللہ کا خاص کرم ہوتا ہے کہ کسی کو نعت گوئی کی سعادت نصیب ہو۔
اصحابِ مصطفیؐ کو رہی فکر بس یہی
دوزخ میں جانے پائے نہ امت رسول کی
احمد سعید حرف
ایک نہ اک دن ہم بھی مدینے جائیں گے انشاءاللہ
دل کی مرادیں دامن میں بھر لائیں گے انشاءاللہ
قاری عبدالستار بلالی
دیکھ تو سکتا نہیں جلوہ مرے سرکار کا
دیکھ لوں اے کاش میں روضہ مرے سرکار کا
قاری غلام سرور اڑیسہ
جبرئیل کی حد ہے سدرہ آخری لیکن
آفتابِ عالم کی عرش تک رسائی ہے
حسان ساحر
یہ چاند نہ ہوتا یہ ستارے نہیں ہوتے
جگ میں جو آمنہ کے دلارے نہیں ہوتے
شرافت بسوانی
آپس میں محبت کا پیغام سنایا ہے
آقا نے تو دشمن کو سینے سے لگایا ہے
ذیشان جہانگیر آبادی
اس کے علاوہ راشد جلال اور حافظ مصباح نے بھی اپنے خوبصورت کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ جلسے اور مشاعرے میں عوام کی بڑی تعداد شریک رہی۔ آخر میں کنوینر مشاعرہ محمد لقمان نے تمام شعراء و سامعین کا شکریہ ادا کیا۔
