اٹوا، سدھارتھ نگر: بزم ارباب ادب اٹوا کی 97ویں ماہانہ طرحی نشست جناب ہدایت اللہ خان شمسی کی صدارت اور جناب ارشد اقبال صاحب کی نظامت میں جمال ٹریڈرس پر منعقد ہوئی۔ محمد شریف سلمہ نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پڑھ کر نشست کا أغاز کیا منتخب اشعار اردو دوست ،ادب نواز، باذوق قارئین کی نذر ہیں۔

جاں فزا ،دل نشیں ساعتِ زندگی، ہوگٸی نذر وہ گردشِ وقت کی

جاگتی تھیں جو میرے لیے ہر گھڑی، أج پلکوں کی وہ کھڑکیاں سو گٸیں

جمال قدوسی

سامنے تھے جہیزوں کے کوہ گراں بوجھ کمزور کندھوں سے اٹھتے کہاں

سرخ جوڑے میسر نہیں ہوسکے حسرتیں اوڑھ کر بیٹیاں سو گٸیں

ہدایت اللہ شمسی

عود و عنبر سے مہکی شبِ ماہ میں دو بدن ایک ہو جانے کی چاہ میں

دو ستارے فلک پر ہویدا ہوۓ اوڑھ کر خاک پرچھاٸیاں سوگٸپں

ڈاکٹر ایاز اعظمی

کتنے بے رحم ظالم تھے جاہل پدر زندہ درگور کرتے تھے لختِ جگر

الاماں الاماں کی لگاتی صدا چیختی چیختی بیٹیاں سو گٸیں

التجا حسین نور صدیقی

قتل و غارت گری الاماں الاماں ملک اپنا تو پہلے تھا جنت نشاں

أگ نفرت کی ایسی لگائی گٸی، شہرِ الفت کی رنگینیاں سو گٸیں

ارشد اقبال

ملک میں جبر کا ایسا طوفان تھا شیر و چیتے کی مانند انسان تھا

عدل کا جب سبق ہے پڑھایا گیا، ظلم و بیداد کی أندھیاں سو گٸیں

سید عزیز الرحمان عاجز

ہرطرف شہر میں کیوں ہیں ویرانیاں کوئی ہلچل نہیں ہے نہ شہنائیاں

کون پوچھے گا یہ کس سے پوچھے بھلا دستِ نازک میں کیوں چوڑیاں سو گٸیں

جمال اجمل

دوستی اور اخوت بھی بکنے لگی ،خون سستا ہوا أبرو بک گٸی

ایسا لگتا ہے رحمانی اس دور میں چھا گٸی ہے بدی نیکیاں سوگٸیں

مسعود الحق رحمانی

أگیا دور فتنے کا جوہر مرے بھائی بھائی کا دشمن بھی ہے أج کل

اب مروت، اخوت، محبت ہے ختم، بھائی چارے کی سب خوبیاں سو گٸیں

عبد الرب جوہر

جو بھی جلتے دیے تھے سبھی بجھ گیے گھر میں جگنو بھی اب کوٸی دکھتا نہیں

جانے کب ہوگا روشن یہ دل کا مکاں أنکھ ہے منتظر کھڑکیاں سوگٸیں

عبدالمبین مبین خان

آج انسان ایسے میسر کہاں جن کی یاد حسیں دل میں تازہ رہے

اے ضمیر بےنیازی کے اس دور میں مہر و الفت کی سب خوبیاں سوگیٔں

ضمیر احمد ضمیر قاسمی

تیری چاہت میں یوں چھاگٸی بے خودی رہ کے محفل میں جیسے اکیلا ہوں میں

تیری یادوں کی دل پہ جو دستک ہوٸی قربتیں بڑھ گٸیں دوریاں سوگٸیں

جنید فرہاد لٹیاوی

  ان کے علاوہ عبدالرقیب پردھان اور شکیل ضاغط نے بھی کلام سے نوازا۔ اس موقع پر عباس چودھری وغیرہ خصوصیت سے شریک رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے