ظہیرآباد اسلامک سنٹر میں جلسہ استقبال، ماہ رمضان کا انعقاد مولانا اعجاز محي الدين وسیم اور ڈاکٹر محمد نجیب احمد فہمی کا خطاب
ظہیرآباد۔ 24/فروری (مشرقی آوازجدید): جماعت اسلامی ہند ظہیر آباد کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان جلسہ استقبال رمضان بعنوان” ہم رمضان کیسے گزاریں؟ "کل شام اسلامک سنٹر لطیف روڈ ظہیر آباد پر منعقد ہوا جس کی صدارت مولانا اعجاز محی الدین وسیم صدر و خطیب مسجد عزیز یہ مہدی پٹنم حیدر آباد نے کی اس موقع پر انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ رمضان عنقریب ہم پر سایہ فگن ہونے والا ہے جو نیکیوں کا موسم بہار ہے ایمان و احتساب کے ساتھ اسکی بھر پور قدردانی کرنی چاہیے کیونکہ اللہ نے روزہ دار کا بدلہ خود دینے کا وعدہ کیا ہے۔ روزہ دار کی بڑی اہمیت ہےپیٹ بھر کبھی نہ کھائیں پیٹ بھر کھانے والے کو روز قیامت بھوکا اٹھایا جائے گا ہمیں نیکیوں میں سبقت لے جانے کی تیاری کرنی چاہئے۔ صحابہ کے جوش وجذبے کی طرح کوشش کرنا چاہیے جملہ فرائض کی تکمیل کرنی چاہئیے۔ اس مہینہ میں راہ ہدایت کی کتاب قرآن کا نزول ہوا جس نے اپنی ہدایت کے ذریعہ دنیا کا امام بنایا خیر امت کا درجہ عطا کیا اور وارث انبیاء بنایا ۔ قرآن مومنین کے لیے شفاء اور ظالمین کے لیئے خسارہ ہے ہم کو اس مہینہ سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے قرآن کا مطلوبہ انسان بننا چاہئیے قرآن سے اپنے رشتہ کو مضبوط کریں قرآن کو سمجھنے اوراس کے نفاذ کی کوشش جاری رکھیں دنیا کی رنگینیوں دنیا کی لذتوں اور دنیا کی سبقت میں پڑے بغیر جنت کے حصول کی کوشش اور اللہ کے دیدار کی اوراپنی مغفرت کی فکر کرنی چاہیئے۔
اس جلسہ میں بطور مہمانان خصوصی ڈاکٹرمحمد نجیب احمد فہمی ڈائریکٹر فہمی ہاسپٹل بیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ روزہ تقوی پیدا کرتا ہے جسمانی نفسیاتی اور روحانی تبدیلی چاہتا ہے انہوں نے دو ٹوک کہا کہ روزہ دار اپنے پیٹ کو ڈسٹ بین نہ بنائیں جسم کو کمزور اور روح کو مضبوط بنائیں مومنانہ کردار کی تیاری اودعوت دین اور اسلام کی آبیاری کی کوشش کرنی چاہئے۔
جلسہ کا آغاز برادر محمد عدنان کی تلاوت قرآن و ترجمانی سے ہوا امیر مقامی جماعت اسلامی ہند ظہیر آباد محمد ناظم الدین غوری مہمانان کا خیر مقدم کرتے ہوئے جلسہ کی غرض وغایت پیش کی محمد شہباز الدین نے نظامت کی جبکہ معاون امیر مقامی محمد معین الدین نے اظہار تشکرپیش کیا ۔ اس موقع پر معززین شہر نوجوانوں و دیگر کی کثیر تعداد نے اپنی شرکت درج کروائی۔۔۔
