دعوتی، تنظیمی، جماعتی اور رفاہی و سماجی خدمات کے اعتراف میں مولانا عبدالسلام سلفی کو اعزاز و ایوارڈ
سدھارتھ نگر: ضلعی جمعیت اہل حدیث، سدھارتھ نگر کے ناظم اعلیٰ مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی کی اطلاع کے مطابق جناب مولانا عبد السلام سلفی حفظہ اللہ امیر صوبائی جمعیت اہل حدیث، ممبئی عظمیٰ، مہاراشٹر اپنے ایک عزیز کی تقریب نکاح میں وطن مالوف تشریف لائے ہوئے تھے، 20/فروری کی شب جامعہ دارالسلام، پھلوریا کے سالانہ انجمن اور دعوتی اجلاس میں ملاقات کا شرف حاصل ہوا، اجلاس میں جمعیت کے نمائندگان اور بعض اہم کلیدی ذمہ داران کی شمولیت اور حاضری پر اپنی دلی مسرت و شادمانی کا اظہار کرتے ہوئے ڈھیر ساری دعائیں دیں، عدیم الفرصتی کے باوجود آپ نے مختلف موضوعات اور زبانوں میں طلبہ کی تقریریں سماعت کی اور مختصر مگر جامع ناصحانہ کلمات سے تمام سامعین و سامعات کو مستفید فرمایا، سلفی عقیدہ و منہج کی پاسداری کے ساتھ اسے فروغ دینے کی تلقین، ترغیب اور تشویق دلائی، جامعہ دارالسلام، پھلوریا کی منتظمہ کمیٹی نے اپنے تمام مدعوئین و مشتہر علماء کی شال پوشی کی اور گلدستہ پیش کرکے تکریم کی۔
امیر محترم جناب مولانا عبد السلام سلفی حفظہ اللہ کی شخصیت علمی اور جماعتی حلقوں میں محتاج تعارف نہیں ہے، آپ کے سماجی وقار، قائدانہ کردار، مثالی عادات و اطوار، حلم و تدبر، جود و سخا اور من موہنی شخصیت کا زمانہ معترف ہے، آپ خلیق و ملنسار، عمدہ سیرت و کردار اور بیدار مغز ہونے کے علاوہ ایک مثالی رہنما کے اوصاف سے متصف ہیں، جس کی دلیل صوبائی جمعیت اہل حدیث، ممبئی، عظمیٰ کی دعوتی و تبلیغی، تصنیفی اور فلاحی و رفاہی خدمات ہیں۔
ضلعی جمعیت اہل حدیث، سدھارتھ نگر انہی خدمات کے اعتراف میں امیر محترم کے لیے ایک اعزازی پروگرام منعقد کرنا چاہتی تھی، لیکن امیر محترم کی کثرت مصروفیت اور قلت وقت کے باعث احبابِ جماعت کی یہ خواہش پوری نہ ہوسکی جس پر ہمارے امیر محترم کو بھی کافی افسوس تھا۔
23/فروری کو بھی آپ بےحد مشغول تھے، کئی ضروری کام ایسے تھے جس میں آپ کی حاضری لازمی تھی۔ ناظم جمعیت نے کہا کہ وقت کی تنگی کے باعث احبابِ جماعت کو دعوت دینے اور آپ کی شایان شان تقریب منعقد کرنے سے قاصر رہا، لیکن جب دلوں میں خلوص اور جذبوں میں وفا ہو تو مواقع خود دامن پھیلائے حاضر ہو جاتے ہیں، ہوا یوں کہ مخیر جماعت الحاج تبارک حسین صاحب چودھری کے قائم کردہ نسواں ادارہ کلیہ بحر النساء، بدھ نگر، پٹھنی خورد، تتری بازار، سدھارتھ نگر کے وسیع و عريض گراؤنڈ میں بتاریخ: 23 فروری بروز اتوار قبیل ظہر چند ساعتوں کے لیے دوبارہ ملاقات کا شرف حاصل ہوا، تھوڑی دیر نونہالان ملت کی تعلیم و تربیت، نسواں کالجز کی کثرت اور بچوں کے مدارس کی قلت پر آپ نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نظام تعلیم پر سنجیدگی سے غور کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
اس کے بعد ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کے ناظم مولانا وصی اللہ عبد الحکیم مدنی نے اپنے معاونین اور دیگر مخلص رفقائے کار بطور خاص مولانا سعود اختر عبد المنان سلفی، نائب ناظم ضلعی جمعیت، مولانا جمشید عالم عبد السلام سلفی، ناظم مقامی جمعیت اہل حدیث، حلقہ شہرت گڑھ، مولانا عبد الرشید محمد فاروق سلفی، نائب ناظم مقامی جمعیت حلقہ شہرت گڑھ، کلیہ بحر النساء کے روح رواں اور ناظم اعلیٰ جناب الحاج تبارک حسین صاحب چودھری، ان کے والد گرامی جناب الحاج شمس الدین صاحب چودھری، کلیہ کے مؤقر اساتذہ کرام مولانا عتیق الرحمن صفاوی، مولانا عتیق الرحمن رحمانی اور مولانا ابو الکلام مدنی کی موجودگی میں امیر محترم کی خدمت میں توصیفی سند اور مومنٹو پیش کرتے ہوئے ان کی ہمہ جہت خدمات کا اعتراف کیا اور آپ کی جماعتی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
اسی طرح سے مولانا جمشید عالم سلفی نے انتہائی اختصار کے ساتھ جامع انداز میں آپ کی ہمہ جہت اور قابل رشک خدمات اور خاص طور پر عقیدہ و منہج پر آپ کے گراں قدر کام کو خراج تحسین پیش کیا۔
امیر محترم نے ہمیں سلفی عقیدہ و منہج کی ترویج کی سعی بلیغ کی تلقین کرتے ہوئے اس حقیقت کا کھلے لفظوں میں اعتراف کیا کہ ضلعی جمعیات میں جمعیت اہل حدیث، بھیونڈی اور جمعیت اہل حدیث، سدھارتھ نگر کی جماعتی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔
خداکرے تری زندگی کے گلشن میں
خزاں نہ آئے سدا موسم بہار رہے
ناظم ضلعی جمعیت مولانا وصی اللہ عبد الحکیم مدنی نے کلمات تشکر و امتنان اور نیک خواہشات و دعاؤں کے ساتھ امیر محترم کو الوداع کہا اور ضلعی جمعیت کو اپنی مخصوص دعاؤں میں یاد رکھنے کی درد مندانہ گزارش کی۔
اللہ ہم سب کی حفاظت فرمائے اور ہمیں ملک و ملت، جماعت و جمعیت اور انسانیت کے لیے مفید بنائے۔ آمين۔

ماشاء اللہ۔سبحان اللہ
الحاج تبارک حسین چوہدری کے والد الحاج شمشاد الدین کے بجائے الحاج شھاب الدین چوہدری ھین ۔درست کر لین