لکھنؤ (ابوشحمہ انصاری): قدیم لکھنوی روایات اور معروف خانوادہ میر انیس کے رکن سماجی کارکن جمیل حسن نقوی نے رمضان المبارک کی برکات و فیوض پر ہمارے نامہ نگار سے خصوصی گفتگو میں روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس مہینہ محض بھوکے پیاسے رہنے کا نام نہیں، بلکہ نفس کی تربیت، صبر و استقامت، اور خدمت خلق کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزہ نہ صرف جسمانی تطہیر کا ذریعہ ہے بلکہ زبان، خیالات، نظریات و روحانی ترقی کا بھی ایک مؤثر وسیلہ ہے۔
مسٹر نقوی نے کہا کہ رمضان کا اصل پیغام ایثار، محبت، اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔ اس مہینے میں جہاں مسلمانان عالم عبادات میں مصروف رہتے ہیں، وہیں انہیں چاہیے کہ وہ اپنے اردگرد بلا تفریق مزہب اور ملت ضرورت مندوں اور محروم طبقات کی مدد کو بھی ترجیح دیں جس سے اسلام کے بنیادی اصول خدمت خلق کا پیغام عام ہو۔ انہوں نے خاص طور پر مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ زکوٰۃ، صدقات، اور خیرات کے ذریعے غریبوں، یتیموں، اور بیواؤں کی مدد کریں تاکہ ماہ مبارک رمضان کا حقیقی مقصد پورا ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ اس بابرکت مہینے میں ہمیں جھوٹ، غیبت، حسد، اور دیگر برائیوں سے بچتے ہوئے ایک مثالی زندگی گزارنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ روزے کا مقصد صرف بھوک پیاس برداشت کرنا نہیں، بلکہ تقویٰ، صبر، اور بہترین اخلاق کو اپنانا ہے۔
آخر میں جمیل حسن نقوی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس مقدس مہینے کی برکتوں سے ہم سب کو مستفید ہونے کی توفیق دے اور امت مسلمہ کو ترقی،اتحاد و یکجہتی کی راہ پر گامزن کرے۔ تفرقہ بندی، انتشار، جہالت دور ہو اور باہمی محبت، رواداری و علم کی فضا ہموار ہو۔
