حافظ پیر خلیق احمد صابر جنرل سکریٹری جمعیتہ علماء ودیگر علماء کرام کا خطاب
حیدر آباد14/ اپریل (مشرقی آوازجدید): ریاستی جمعیۃ علماء تلنگانہ کے زیر اہتمام جمعیتہ علماء گریٹرحیدرآباد، جمعیۃ علماء رنگاریڈی، اور جمعیۃ علماء ضلع میڑچپل ملکاجگیری کے مجلس منتظمہ کا اجلاس زیر سر پرستی حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب مدظلہ صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ ‘زیر نگرانی حضرت مولا نا محمد مصدق القاسمی صاحب صدر جمعیۃ علماء گریٹر حیدر آباد بتاریخ: 11 / شوال 1446ھ مطابق 10 / اپریل 2025ء بروز جمعرات بوقت بعد نماز عشاء بمقام جامع مسجد دار الشفاء میں منعقد ہوا۔ حافظ و قاری یونس علی خان صاحب کی قرآت کلام پاک سے اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا۔
مہمان خصوصی محترم حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب جنرل سکریٹری جمعیتہ علماء تلنگانہ نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ملک کے مسلمانوں کی ایک قومی ملی اور دینی تنظیم ہے جو گذشتہ سو سالوں سے مسلسل ملک وملت کی خدمت انجام دے رہی ہے جمعیۃ علماء ہند ایک دستوری تنظیم ہے ضابطہ کے مطابق ملک بھر میں ہر تین سال میں ممبر سازی کی جاتی ہے اس کے مد نظر جد ید ممبر سازی کا کام تلنگانہ کے تمام اضلاع اور ملک کی تمام ریاستوں میں جاری ہے ۔ اور گریٹر حیدرآبا د رنگاریڈی ملکاجگیری میٹرچل میں بھی زور وشور کے ساتھ ممبر سازی مہم کا آغاز ہو چکا ہے۔جنرل سکریٹری صاحب نے کہا کہ آج ملک ہندوستان کا مسلمان جس آزمائشی دور سے گذر رہے ہیں اس کا بھی یہی تقاضہ ہے کہ مسلمانوں کا ملی مرکز مضبوط سے مضبوط تر ہو، اپنے مسائل کے حل کے لئے تنظیم کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے تنظیم کی طاقت افراد کی کثرت کو شمار کرائے بغیر موثر نہیں ہو سکتی ہے۔ ظلم و ستم اور نا انصافی کے خلاف مؤثر لڑائی کے لیے جمعیۃ علماء کو مضبوط کرنا وقت کی ضرورت ہے۔پرائمری ممبر ہی دراصل جمعیتہ علماء کی بنیادی طاقت اس لئے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ احباب کو جمعیۃ علماء ہند کا ممبر بنائیں، جو لوگ باہر ہیں انکے لئے آن لائن ممبر بنے کی سہولت موجود ہے وہ جمعیتہ علماء ہند کی ویب سائٹ پر جا کر اس سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
مساجد کے تمام آئمہ حضرات سے گذارش ہے کہ وہ نماز جمعہ کے موقع پر جمعیۃ علماء ہند کا مختصر تعارف کروا کر اسکا ممبر بننے کی ترغیب دلائیں ، اور مساجد کے سامنے با ضابطہ اسکا کاؤنٹرلگائیں۔ ممبر بننے کے لئے دس روپئے فیس رکھی گئی ہے، جسکی موجودہ دور میں کوئی اہمیت نہیں ہے، جمعیتہ علماء ہند کا ممبر بننا ملک کے مسلمانوں کے تحفظ ملی وقومی مسائل میں متحدہ نمائندگی فراہم کرنے کا ایک عملی کردار ہے۔
* حضرت مولانا عبد الملک مظاہری صاحب دامت برکاتہم نائب صدر جمعیۃ علماء گریٹر حیدر آباد نے دینی تعلیمی بیداری مہم پر بصیرت افروز خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اس وقت ہماری امت کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ مسلم معاشرہ میں اپنی اولاد کو اعلی تعلیم سے آراستہ کرنے کے جنون اور اس کے لیے معیاری اسکولوں اور کالجس کے انتخاب نے سر پرستوں میں ایمان ،شرک، حلال و حرام اور جائز وناجائز کے فرق کو مٹادیا ہے، ہم اپنے بچوں کو عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دین کے بنیادی علوم ضرور سکھلا ئیں بالخصوص قرآن کریم کی تعلیم سے انہیں راستہ و پیراستہ کریں ، انہیں دین کے بنیادی عقائد کو سکھائیں ، اور انہیں اس پر استقامت کے ساتھ عمل کرنے کی ترغیب دیں۔
* حضرت مولانا نذیر احمد یونس صاحب جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء گریٹر حیدر آباد نے دینی تعلیمی بیداری مہم اور سمر کلاس کے انعقاد پر گفتگو فرماتے ہوئے خود کفیل مکاتب، اور منظم سمر کلاس کے قیام کی جانب توجہ دلائی اور اس کی تشکیل فرمائی، چنانچہ احباب نے متعدد حلقوں، مدارس، اور دیگر مقامات پر سمر کلاس کے انعقاد کے عزائم کا اظہار کیا۔ حضرت مولا نا مقصود احمد طاہر صاحب صدر جمعیۃ علماء ضلع رنگاریڈی نے اپنی ضلع میں مختلف سمر کلاس کے انعقاد کا ارادہ کا اظہار کیا۔ نیز اس گا اجلاس میں سال گزشتہ کی طرح امسال بھی نو فارغ فضلاء کی تہنیت کے سلسلے میں مشاورت ہوئی اور 20 / اپریل 2025ء بروز اتوار ٹولی چوکی میں جمعیۃ علماء گریٹر حیدر آباد کے زیر اہتمام ضلع میڑچل ضلع رنگاریڈی ، اور گریٹر حیدر آباد کے نو فضلاء کا مشترکہ تہنیتی اجلاس ہونا طے ہوا۔
* حافظ و قاری یونس علی خان صاحب نے آن لائن و آف لائن ممبر سازی کا پریزنٹیشن پیش کرتے ہوئے طریق کار کو تفصیل سے سمجھایا۔ حضرت مولانا محمد مصدق القاسمی صاحب دامت برکاتہم نے ممبر سازی مہم اور جمعیتہ علماء کے مختلف کازوں کی اہمیت اور تمام امور میں بڑھ چڑھ حصہ لینے کی جانب توجہ دلاتے ہوئے ہمت افزاء خطاب فرمایا۔ اس کے بعد ممبر سازی کے رسائد تقسیم کئے گئے ، حافظ سلطان مجاہد صاحب، حضرت مفتی عرفان صاحب اور دیگر افراد نے کار کردگی کی رپوٹ پیش کی۔
* حضرت مولانا محمد مصدق القاسمی صاحب صدر جمعیۃ علماء گریٹر حیدر آباد کی دعا کے ساتھ اجلاس کا اختتام ہوا۔
* حضرت مولانا قاری عبد الباری صاحب ، مفتی لین افروز صاحب اور جناب منیر الدین صاحب نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رھےکہ اس اجلاس میں ، حضرت مولانا مفتی تقبل حسین صاحب مفتی عبد الباقی صاحب صدر جمعیتہ علماء میٹر چل ، جناب یونس صاحب جنرل سکریٹری جمعیتہ علماء ضلع میٹر چل حضرت مولانا معراج الدین علی ابرار صاحب ، حضرت مولانا مفتی انعام الحق ، حضرت مولانا مصباح الدین صاحب، جناب علیم صاحب ، حضرت مولانا قاضی علیم الدین صاحب ، حضرت مولا نا عباد صاحب، حضرت مولانا اعجاز الدین صاحب ، حضرت مولانا ہدایت علی صاحب، حضرت مولانا قاری عبدالباری صاحب، حضرت مولانا لین افروز صاحب ، حضرت مولانا کی عمیر صاحب ، حافظ یونس صاحب ، حافظ مظہر صاحب ، حافظ سلیم بابر صاحب ، حضرت مولانا یعقوب صاحب ، حضرت مولانا انصار صاحب اور جمعیۃ علماء ضلع گریٹر حیدر آباد ضلع میڈچل اور ضلع رنگاریڈی کے اراکین منتظمہ اور بہت سے مدارس کے ذمہ داران شریک تھے۔۔۔

