معصوم اور بے قصور لوگوں کا قتل، حیوانیت کا مظہر ہے
بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری): سینئر بی جے پی رہنما اور اترپردیش کے سابق کارگزار وزیراعلیٰ، ڈاکٹر عمار رضوی نے پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جن تنظیموں اور حیوان صفت لوگوں نے اس حملے میں شرکت کی، یہ بزدلانہ حرکت صرف انسانیت کے دشمن ہی کر سکتے ہیں جو معصوم اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ ایسے قابلِ مذمت عمل سے انسانیت شرمسار ہو گئی ہے۔
ڈاکٹر رضوی نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ تشدد پھیلانے والے صرف مذہب کا نقاب اوڑھ کر ایسی حیوانیت کو انجام دیتے ہیں۔ یہ عناصر مذہب کی آڑ میں ملک بھر میں مذہبی منافرت پھیلانا چاہتے ہیں، تاکہ وہ اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب ہو سکیں، جب کہ دنیا کا کوئی بھی مذہب کسی بے گناہ کی جان لینے کی اجازت نہیں دیتا۔
ڈاکٹر رضوی نے پہلگام دہشت گردانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے حکومتِ ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جاں بحق ہونے والوں اور شدید زخمیوں کو مالی امداد فراہم کرے اور اس ناقابلِ معافی جرم میں ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
ڈاکٹر رضوی نے کہا کہ بھارت ایک ایسا ملک ہے جہاں کثرت میں وحدت ہے، اور یہاں ایسی شیطانی حرکت کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ وہ کبھی بھی اپنے مذموم ارادوں میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔
ہم سب کا دہشت گردی کے خلاف عزم اس بزدلانہ حملے سے ہرگز متزلزل نہیں ہوگا، بلکہ ہم تمام بھارتی یکجہتی کے ساتھ اس کا مقابلہ کریں گے۔

