بیدر۔ 27؍مئی (محمدیوسف رحیم بیدری): 26؍ مئی کو بمقام التاج ہوٹل پرانی ہبلی میں ریاستِ کرناٹک لسانی اقلیتی مدارس کے اساتذہ کی فلاحی تنظیم رجسٹرڈ بنگلور کی جانب سے ریاستی اور ضلع صدور کا مشاورتی اجلاس ریاستی صدر محمد سلیم مجاور کی صدارت میں منعقد کیا گیا۔۔ مہمان خصوصی کے طورپر ناصر احمد صدر کرناٹکا اُردو ساہتیہ پریشد صدر چک بلاپور ضلع فیاض احمد کتھور سماجی کارکن ہبلی، سلیم سونڈ کے چیئرمن سونڈ کے فاؤنڈیشن ہبلی، محترمہ زاہدہ یے۔یم۔پی فاؤنڈیشن نے حصہ لیا۔ مختلف اضلاع سے آئے ہوئے صدور اور اراکین کی کارگردگی اوراہم ترین کاموں کے لئے ان کو تہنیت پیش کی گئی۔ محترمہ سریہ ہلیال سرکاری اردو ہائر پرائمری I سکول ،سوشی کی میر معلمہ کو قومی ایوارڈ ملنے پر ریاستی تنظیم کی جانب سے تہنیت پیش کی گئی۔اِس کے بعد ریاستی صدر سلیم مجاور نے اس تنظیم کی گزشتہ کارکردگی پر روشنی ڈالی اور مستقبل کے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا۔تمام اُردو اساتذہ کو متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت اور اہمیت کی وضاحت کی۔اجلاس میں اساتذہ کے مسائل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔تدریسی سہولیات، تربیتی ورکشاپ کا انعقاد اور سرکاری سطح پر اقلیتی مدارس کے ساتھ انصاف کی ضرورت پر زور دیا گیا۔اقلیتی مدارس میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور اساتذہ کو بھی مرکزی دھارے میں شامل کیا جائے۔اس موقع پر مختلف تجاویز بھی پیش کی گئی جنہیں متفقہ طور پر منظور کیاگیا۔ جناب ناصر احمد نے اُردو اسکول کی گھٹتی ہوئی تعداداور اساتذہ کی کمی،طلباء کے ساتھ اساتذہ کا کیا رول ہونا چاہیے اِس پر اپنے خیالات کا اظہارکیا۔۔ڈاکٹر زاہدہ نے اپنے اظہار خیال میں مادری زبان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔مزید تنظیم کے لیے اپنے مکمل طور پر ساتھ کا وعدہ کیا۔ جناب فیاض احمد نے تنظیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے مستقبل میں ہر ممکن مدد کرنے کا اعلان کیا۔اِس طرح اس اجلاس میں دیگر اضلاع سے آئے ہوئے صدر اور نائب صدر اور دیگر اراکین نے شرکت کر کے اس اجلاس کو کامیابی عطا کی۔دسویں جماعت کے لیے تنظیم کے جاری کردہ پاسنگ پیکیج اور ریسورس کی تمام نے ستائش کی اور اس طرز کے کاموں کو مزید تقویت دینے پر زور دیا گیا۔تنظیم کی جانب سے افسران اور محکمہء کو دیے گئے میمورنڈم کے نکات پر بھی بحث کی گئی۔دریں اثناء ریاستی اسمبلی کے لیے دوانگرے سے سید سعید کا انتخاب کیا گیا۔ دھارواڑ ضلع کے کلغتگی اور دھارواڑ شہر کی نؤ منتخب ٹیم کا اعلان بھی کیا گیا۔کلغتگی تعلقہ صدر کے طور پر اشفاق اور سیکرٹری کے طور پر رسول خان کا انتخاب کیا گیا۔مزید اضلاع سے ریاستی اسمبلی کے لیے اراکین کے انتخاب کے لیے وقت دیا گیا۔ محترمہ کوثر بیجاپور کے شکریے کے ساتھ اِس اجلاس کا اختتام کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اساتذہ کے حقوق اور بہبود کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔تلاوت قرآن کریم ذکی قاضی حمد ،محترمہ شمس نساء محسن اور نعت رسول کا نذرانہ پٹھان مادام نے پیش کیا۔نظامت کے فرائض عطا محمد قاضی نے انجام دیئے۔اس موقع پر ریاستی نائب صدر میرا صاحب ملا ،ریاستی خازن ایوب ڈونور، ریاستی اسمبلی کے اراکین نویز احمد سید سعید اور دیگر ریاستی اراکین اور مختلف اضلاع کے صدور اور اراکین شامل رہے۔ دھارواڑ ضلع صدر باغبان سر اور پوری دھارواڑ ضلع ٹیم نے بڑی خوبی سے انتظامات انجام دیئے۔دھارواڑ ضلع اعزازی صدر بدن خان اور ضلع نائب صدر کالے خان نے انتظامات کی سرپرستی کی۔اس بات کی اطلاع جناب اشفاق مڑکی نے دی ہے۔
