بیدر ۔9 ؍جون(شاروق حسن قادری): ریاست کرناٹک میں پسماندہ تعلقہ جات کی ترقی کے لیے علاقائی عدم توازن ختم کرنے والی کمیٹی آئندہ تین ماہ کے اندر حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ اس بات کی اطلاع کمیٹی کے صدر پروفیسر گووند راؤ نے آج بیدر ضلع پنچایت میں منعقدہ ایک اجلاس میں دی۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام اضلاع میں تعلیم، صحت، فی کس آمدنی، زراعت، ڈیری، صنعت، خدمات اور سماجی شعبوں کے 45 معیارات کی بنیاد پر پسماندہ تعلقہ جات کی ترقی کے لیے مطالعہ کیا جا رہا ہے۔پروفیسر گووند راؤ نے کہا کہ اب تک 28 اضلاع کا مطالعہ مکمل کیا جا چکا ہے۔ سابق ننجوڈپا کمیٹی کی سفارشات کے مطابق عمل درآمد کے بعد سامنے آئے اثرات کا تجزیہ کیا جا رہا ہے، جس کی روشنی میں حکومت کو نئی سفارشات پیش کی جائیں گی۔ریاست میں اس وقت 153 پسماندہ تعلقے ہیں۔ کمیٹی نے پانچ اہم شعبوں جیسے آبپاشی، بنیادی ڈھانچہ، صنعت، فی کس آمدنی اور روزگار پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے حقائق پر مبنی رپورٹ تیار کی ہے۔انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں روزگار کے مواقع، معیاری تعلیم، مہارت کی ترقی، خواتین پر مبنی منصوبے، ٹیکنالوجی اور صنعتی ترقی جیسی تجاویز کو شامل کیا گیا ہے۔2007 سے 2023 تک پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے 43,456 کروڑ روپے کی سفارش کی گئی تھی، جس میں سے 35,380 کروڑ روپے جاری کیے گئے اور 32,610 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔ریاست کے چار ڈویڑنز میں سب سے زیادہ پسماندہ علاقے "کلیان کرناٹک” میں ہیں۔ تعلقہ سطح پر جا کر کمیٹی مطالعہ کر رہی ہے اور حکومت کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔پروفیسر گووند راؤ نے کہا کہ بیدر ضلع جو ریاست کا سرحدی ضلع ہے، یہاں چار انتہائی پسماندہ تعلقے ہیں۔ 2014-15 کی ضلعی انسانی ترقی رپورٹ کے مطابق بیدر کا ریاست میں 22 واں مقام تھا، جبکہ 2022 کے جی ڈی پی کے اعداد و شمار کے مطابق ضلع کی جی ڈی پی 28,44,018 لاکھ روپے تھی۔بیدر میں پرائمری اور سیکنڈری تعلیم، سڑک رابطہ، مہارت کی تربیت، اساتذہ کی بھرتی، ٹیکنالوجی پر مبنی اعلیٰ تعلیم، سیاحت کی ترقی، نقل مکانی، زرعی صنعتوں جیسے امور پر مشورے لیے گئے۔اس موقع پر جنگلات و ماحولیات، اور ضلع انچارج وزیر ایشور بی کھنڈرے نے کہا کہ ریاستی حکومت نے 2024 میں ماہرین پر مشتمل یہ کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ زرعی، صنعتی، معاشی، سماجی اور تکنیکی شعبوں کی ترقی کے لیے انڈیکس طے کیے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ مطالعہ صرف فی کس آمدنی کی بنیاد پر نہ ہو بلکہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلقہ اور ہبلی سطح پر آبپاشی، روزگار، تعلیم، غذائی قلت اور نقل مکانی کے مسائل پر بھی مطالعہ ہونا چاہیے۔انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت نے کلیان کرناٹک ڈیولپمنٹ بورڈ کے لیے 5,000 کروڑ روپے منظور کیے ہیں اور خالی اساتذہ کی اسامیوں کے لیے 15,000 گیسٹ لیکچررز بھرتی کیے گئے ہیں، جبکہ مستقبل میں مستقل اساتذہ کی بھرتی بھی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بیدرمیں صنعتی ترقی انتہائی ضروری ہے تاکہ مقامی نوجوانوں کو روزگار ملے اور نقل مکانی کا رجحان کم ہو۔ اس اجلاس میں وزیر بلدیات و حج رحیم خان، بیدر جنوبی کے ایم ایل اے ڈاکٹر شیلندر کے بیلڈارے، ایم ایل سی ڈاکٹر ایم جی مولے، میونسپل صدر ایم ڈی غوث، ضلع چیمبر آف کامرس کے صدر بی جی شیٹکر، بار ایسوسی ایشن کے صدر اشوک منورے، ماہر تعلیم پروفیسر جگانناتھ ہیببالے، ایس ایم جنواڈکر، تاجر بسوراج دھنورے اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر آر. ویشال، رکن پروفیسر سنگیتا کٹّمنی، ڈپٹی کمشنر شلپا شرما، ضلع پنچایت سی ای او ڈاکٹر گریش بڈولے، اور ایس پی پردیپ گنٹی بھی اجلاس میں شامل تھے۔
