پھلواری شریف(محمد اسعداللہ قاسمی): تنظیم ائمہ وخطباء مساجد پٹنہ نے اپنے ایک اخباری بیان کے ذریعہ لوگوں سے اپیل کی ہے کہ بہار میں اس وقت الیکشن کمیشن کے ذریعہSIR آر کا کام چل رہا ہے جس میں نئے ووٹر کا اندراج ،پرانے ووٹر کی تحقیق اور ناموں میں ترمیم کاکام شامل ہے ،یہ کام تقریباً دو ماہ سے چل رہا ہے اور لوگ ان کاموں میں دلچسپی بھی لے رہے ہیں،ووٹر لسٹ کا ڈرافٹ بھی آ گیا ہے،اب کام یہ ہے کہ لوگ ان ڈرافٹ میں اپنے ناموں کو چیک کر لیں اور یہ دیکھ لیں کہ ان کانام لسٹ سے ہٹا تو نہیں ،اگر ہٹا ہے تو اس کی کیا وجہ ہے ،پھر ان ناموں کوشامل کرنے کا کیا طریقہ ہے اگر ووٹر لسٹ سے نام بغیر کسی وجہ کے کاٹ دیا گیا ہے یا آپ کی عمر ۱۸ سال ہے اور اب تک ووٹر لسٹ میں نام شامل نہیں ہو سکا ہے یا آپ کا نام تو ہے ؛لیکن اس میں الیکشن کمیشن کے ذریعہ مطلوبہ کاغذات جمع نہیں کیا جا سکا ہے توان کاموں کے لئے فوری طور پر آپ اپنے بی ایل او سے مل کر اس کام کو مکمل کرالیں یا آپ الیکشن کمیشن کے ذریعہ جاری کردہ لنک پر جا کر خود سے اپنے موبائل یا کمپیوٹر وغیرہ سے مکمل کر لیں اور اس کا اسٹیٹس بھی چیک کرتے رہیں،خود بھی یہ کام کر لیں اور لوگوں کوبھی اس جانب متوجہ کریں ،اس کے لئے ملی تنظیمیں خاص طور پر امارت شرعیہ نے لوگوں سے اس سلسلہ میں بیدار رہنے کی اپیل کی ہے وقت رہتے ان کاموں کو نہیں کیا گیا تو مستقبل میں پریشانیاں بھی کھڑی ہو سکتی ہیں۔
تنظیم ائمہ و خطباء مساجد نے ائمہ کرام سے بھی خصوصی طور پر اپیل کی ہے کہ اپنے اپنے حلقہ میں لوگوں سے ان کاموں کو جلد مکمل کرلینے کی اپیل کردیں اور بہتر ہے کہ ان کاموں کے لئے موبائل یا کمپیوٹر کی معلومات رکھنے والے لوگوں کو اس کا م کے لئے متعین کر دیں تاکہ لوگ ان سے مل کر اپنے کاموں کو آسانی سے مکمل کرا لیں،الیکشن کمیشن نے کاغذات جمع کرانے کی آخری تاریخ ۳۱/اگست تک متعین کی ہے۔ لہٰذا لوگوں کو چاہئے کہ اپنے کاغذات جلد جمع کرادیں اور اس میں کوئی کوتاہی نہ برتیں۔
