ڈیجیٹل آزادی، نوجوانوں کو سائبر فراڈ، جوا اور گیمنگ کی لت سے بچانے کی ریاست گیر مہم
بیدر۔ 30/اگست (پریس نوٹ): محمد شعیب الدین ضلع صدر سالیڈارٹی یوتھ موومنٹ بیدر کی اطلاع کے بموجب سالیڈارٹی یوتھ موومنٹ کرناٹک نے 25 اگست – 15 ستمبر 2025 ڈیجیٹل آزادی، نوجوانوں کو سائبر فراڈ، جوا اور گیمنگ کی لت سے بچانے کی ریاست گیر مہم شروع کر رکھی ہے۔ ہمارے نوجوانوں اور خاندانوں کو سائبر فراڈ، سائبر حملوں، آن لائن جوئے، بیٹنگ اور گیمنگ کی لت سے بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا ہے۔ یہ مہم اس لیے شروع کی گئی ہے کیونکہ زندگیاں برباد ہو رہی ہیں، رقم کی بچت تباہ ہورہی ہے، لوگوں کو قرضوں میں دھکیلا جا رہا ہے اور لوگ خودکشیوں کی طرف لے جائے جا رہے ہیں۔
اس مہم کا مقصد نوجوانوں، والدین اور عام لوگوں کو ڈیجیٹل خطرات سے آگاہ کرنا ہے۔ اور جو لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں ان خاندانوں کی حوصلہ افزائی کرنا تاکہ وہ اپنی کہانیاں شیئر کریں اور مدد حاصل کریں۔ اس مہم کے ذریعہ حکومت سے سخت قوانین بنانے کا مطالبہ کیا جاتا ہے اور معاشرہ اس لت سے پاک ہو۔ سالیڈارٹی یوتھ موومنٹ کا احساس ہے کہ سائبر فراڈ کے ذریعہ ہماری دولت چوری کی جارہی ہے۔جوا، فوری قرضے اور شرطیں لگانا دراصل خاندانوں کو تباہ کر رہاہے۔ آن لائن گیمنگ کی لت سے نوجوانوں کی پڑھائی، اور صحت متاثر ہورہی ہے اور رشتوں کو یہ لت برباد کر رہی ہے۔ اس کے خلاف ریاست بھر میں اسٹریٹ ڈرامے، آگاہی تقریریں، پوسٹرز، سوشل میڈیا چیلنجز کو بتانا، ضلع سطح پر سیمینار، ریلیاں، ڈپٹی کمشنر/تحصیلدار کو درخواستیں دینا شامل ہے۔
سولیڈیرٹی یوتھ موومنٹ کرناٹک کے ریاستی صدر نے ایک موقع پر کہاتھا: ”نوجوان ہمارے ملک کا مستقبل ہیں۔ انہیں ڈیجیٹل خطرات سے بچانا معاشرے کی ذمہ داری ہے۔ اس مہم کے ذریعے ہم حکومت، معاشرے اور خاندانوں کو اکٹھا کر کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی کوشش کریں گے۔”
جناب محمد شعیب الدین ضلع صدر سالیڈارٹی یوتھ موومنٹ ضلع بیدر نے تمام سماجی اصلاح کاروں اور نوجوانوں کی تنظیموں سے گزارش کی ہے کہ اس مہم میں تعاون کریں۔ نوجوان طبقہ اپنے مستقبل کی تشکیل کے لیے اکٹھا ہو، ہمارا ساتھ دے۔
اس موقع پر انھوں نے جناب رحیم خان رکن اسمبلی بیدر اور وزیر بلدیہ وحج سے ملاقات کی اور ان کے ذریعہ اس مہم کے پوسٹر کی رسمِ اجراء انجام دی۔ زائد تفصیلات کے لئے 8951313243 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
