بیلگام انٹر اسکول سائنس فیئر کے لیے اساتذہ کے تربیتی پروگرام کا انعقاد

بیلگام، 30 اگست: بیلگام انٹر اسکول سائنس فیئر 2025 کے پیشِ نظر اساتذہ کے لیے ایک خصوصی اورینٹیشن پروگرام کا انعقاد انجمنِ اسلام بیلگام کے آڈیٹوریم میں عمل میں آیا۔ یہ پروگرام انجمنِ اسلام بیلگام اور اے جے اکیڈمی فار ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے اشتراک سے منعقد ہوا، جس میں شہر کے 60 اسکولوں کے 120 اساتذہ نے شرکت کی۔
تقریب کی زینت معزز مہمان رہے: رکنِ اسمبلی جناب آصف سیٹھ، پولیس کمشنر جناب بورس، ڈپٹی پولیس کمشنر جناب برمانی، اور بی ای او جناب روی باجنتری۔
رکنِ اسمبلی آصف سیٹھ نے اساتذہ کی بھرپور شرکت کو سراہا اور تحقیق پر مبنی اس تعلیمی کوشش میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ “اگر اساتذہ اسی طرح نظم و ضبط اور لگن کے ساتھ کام کرتے رہیں تو طلبہ اور شہر کا مستقبل یقیناً روشن ہے۔ آپ نے مزید کہا کہ میری دانست میں اساتذہ انتہائی معزز پیشہ سے وابستہ ہیں، ان کا صبر و تحمل، محنت و لگن ملک و سماج کے لئے بہترین باشعور طلبہ فراہم کرسکتا ہے. انہوں نے آئندہ ہونے والے سائنس فیئر کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
اساتذہ کے اس تربیتی پروگرام کو محمد عبداللہ جاوید صاحب نے مخاطب کرتے ہوئے طلبہ میں مشاہدے کی صلاحیت بیدار کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اساتذہ کو اس بات کی رہنمائی دی کہ وہ کس طرح اپنے طلبہ کو روزمرہ کے مشاہدات اور مقامی مسائل مثلاً بارش اور پانی کی نکاسی، کوڑا کرکٹ کے انتظامات، ٹریفک کے مسائل، ہوا کے معیار اور اسٹریٹ فوڈ کی صفائی سے متعلق تحقیقی سوالات تیار کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔ اس موقع پر بیلگام ضلع کی خصوصیات جیسے کہ گنے اور مرچ کی کاشت، خانہ پور میں باکسائیٹ کی کان کنی، ہڈکل ڈیم، رینوکساگر ڈیم اور گوکاک آبشار کا بھی ذکر کیا گیا تاکہ طلبہ مقامی تناظر پر مبنی تحقیقی منصوبے تیار کرسکیں۔
دیگر مہمانانِ گرامی نے اس کوشش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف طلبہ کی علمی صلاحیتوں کو جِلا بخشے گا بلکہ انہیں عملی زندگی کے مسائل کو حل کرنے کے قابل شہری بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
بیلگام انٹر اسکول سائنس فیئر ایک ایسا پلیٹ فارم ہوگا جہاں طلبہ تعلیم اور تحقیق کو یکجا کرتے ہوئے اپنے تخلیقی منصوبے پیش کریں گے اور معاشرے میں سائنسی رجحان کو فروغ دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے