بیدر۔ 3؍ستمبر (محمدیوسف رحیم بیدری): وزیر صحت اور خاندانی بہبود نے ہدایت دی ہے کہ اوراد تعلقہ ہیلتھ آفیسر کے خلاف شکایت کے سلسلے میں قواعد کے مطابق ضروری کارروائی کی جائے۔وزیر کی ہدایت پر ان کے پرسنل سیکرٹری کے اے ہدایت اللہ نے اس سلسلے میں محکمہ صحت اور خاندانی بہبود کے کمشنر کو ایک خط لکھا ہے۔ اوراد کے سبھاش چندر بوس یووک سنگھ کے صدر رتن دیپ کستورے اور اے آئی سی سی کسان سیکشن کے جوائنٹ کوآرڈی نیٹر جانسن گھوڑے نے یہ بات بتائی اور کہا کہ تعلقہ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر گایتری دیوی 18 سال سے اسی جگہ پر کام کر رہی ہیں۔ وہ دیگر عہدوں کی انچارج ہیں۔ وہ مبینہ طورپر پرائیویٹ ہسپتال کی مددبھی کرتی ہیں۔ رتن دیپ کستورے اور جانسن گھوڑے نے بدھ کو صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر دنیش گنڈوراؤ کو ایک عرضی پیش کی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ قواعد کی خلاف ورزی کی وجہ سے انہیں دوسرے ضلع میں منتقل کیا جائے۔
