ناصر حسین، اعظم گڑھ: اعظم گڑھ میں جمعہ کے روز حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کے موقع پر جشنِ عید میلاد النبی ﷺ نہایت عقیدت و احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر عظیم الشان جلوس نکالا گیا جس کی قیادت محمد شاہد اعظمی نے کی۔

تقریباً 48 انجمنوں نے جلوس میں حصہ لیا۔ یہ جلوس سہ پہر دو بجے پہاڑپور کے نسوا گرلز اسکول سے روانہ ہوا اور شہر کے مختلف محلوں سے گزرتا ہوا جامع مسجد پر اختتام پذیر ہوا۔ ہزاروں کی تعداد میں عاشقانِ رسول ﷺ نے جلوس میں شرکت کی اور نعت خوانی و منقبت خوانی کی گئی۔

جلوس کے راستے میں جگہ جگہ مٹھائی، شربت، ناشتے، چائے، کافی اور پھل تقسیم کیے گئے۔ گھروں میں خاص طور پر زردہ اور کھیر جیسے روایتی پکوان تیار کیے گئے۔

جلوس میں شہر کے تمام معزز افراد بھی شریک رہے۔ ضلع مجسٹریٹ اور ایس ایس پی بھی جلوس کے ساتھ ساتھ پیدل چلتے نظر آئے۔ امن و امان قائم رکھنے کے لیے پولیس اور پی اے سی کے دستے تعینات کیے گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے