ضلع انچارج وزیر کوانٹرنیشنل مسلم کھلاڑی یادنہیں آئے
بیدر۔ 08 ستمبر (محمدیوسف رحیم بیدری): محکمہ جنگلات، ماحولیات و حیاتیات اور ضلع انچارج وزیر ایشور کھنڈرے نے کہا کہ 25 کروڑ کی لاگت سے 10 ایکڑ اراضی پر ایک نیا ڈسٹرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔وہ پیر کو شہر کے ضلع نہرو اسٹیڈیم میں ضلع انتظامیہ، ضلع پنچایت، یوتھ امپاورمنٹ اینڈ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقد ہونے والے ضلع سطح کے دسہراسی ایم کپ اسپورٹس میٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ آگے کہاکہ بیدر شہر میں گزشتہ کئی سال سے قومی سطح کا اسٹیڈیم بنانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ اس تناظر میں، انہوں نے کہا،ڈپٹی کمشنر کو 10 ایکڑ اراضی کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ کی لاگت سے ایک شاندار اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا اور ہر تعلقہ میں اسٹیڈیم بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کا مشہور قومی تہوار دسہرا کے موقع پر دسارا سی ایم کپ سپورٹس میٹ کا انعقاد کیا گیا ہے اور یہ خوشی کی بات ہے کہ تمام بچوں نے شرکت کی۔ اسباق کے ساتھ ساتھ کھیل بھی بہت ضروری ہیں۔ کھیل جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر بناتے ہیں۔ بہت سے لوگوں نے کھیلوں میں کامیابیاں حاصل کیں۔ میجر دھیان چند، سچن ٹنڈولکر، راہول ڈراویڈ، میری کوم، پی وی۔ سندھو وغیرہ نے بین الاقوامی سطح پر اپنا نام روشن کیا ہے۔کھیل نظم و ضبط، محنت اور خود اعتمادی کا سبق سکھاتے ہیں۔اسی طرح کھیلوں کے مقابلے نوجوانوں کے لئے اپنی صلاحیتوں کو سامنے لانے کابہترین موقع ہوتاہے۔ انھوں نے کہاکہ دسہرا سی ایم کپ اسپورٹس ایونٹ دیہی اور شہری علاقوں کے باصلاحیت کھلاڑیوں کوریاستی اور قومی سطح پر لے جانے کاایک پل ثابت ہوگا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شلپا شرما، ضلع پنچایت سی ای او گریش بدولے ، یوتھ امپاورمنٹ اینڈاسپورٹس کی اسسٹنٹ ڈائرکٹر منجولا ایس ، دیگر افسران ، فزیکل ایجوکیٹر اور طلبہ موجودتھے۔ واضح رہے کہ ضلع انچارج وزیر ایشور کھنڈرے ایک تیز رفتار اور ذہین مقرر ہیں ۔ وہ کبھی بھولتے اور چوکتے نہیں ہیں۔ ہدف پر ان کی نگاہ ہوتی ہے۔ ان کے آس پاس رہنے والے بھی ذہین لوگ اور ذہین مشیر ہیں۔ آج کی کھیلوں سے متعلق تقریر کی جوپریس نوٹ سرکاری حوالے سے سامنے آئی ہے۔ اس میں ضلع انچارج وزیر نے کھیلوں کے میدان میں انٹرنیشنل سطح پر نام کمانے والے کسی بھی ہندوستانی مسلمان کا نام نہیں لیا۔ اس سے پتہ چلتاہے کہ انھیں نواب آف پٹوڈی ، ثانیہ مرزا، ہندوستانی کرکٹ کے سابق کپتان اور ان کی کانگریس پارٹی کے سابق ایم پی محمد اظہرالدین ، ممتابنرجی کی پارٹی کے معروف انٹرنیشنل کرکٹر اور ایم پی یوسف پٹھان ، ان کے بھائی عرفان پٹھان،موجودہ معروف بالر محمدسراج شاید یادنہیں رہے۔حمیدہ بانو ریسلر کو چھوڑئیے پڑوسی ریاست تلنگانہ (نظام آباد)سے تعلق رکھنے والی دودفعہ کی ورلڈ باکسنگ چمپئن مسلم خاتون باکسر نکہت زرین بھی وزیر موصوف کو یاد نہیں آئی ۔جنہیں پونے دوسال پہلے کانگریس پارٹی کے لیڈر اور تلنگانہ کے سی ایم ریونت ریڈی نے دوکروڑ کا چیک انہیں دیاتھاتاکہ آنے والے سال پیریس میں ہونے والے اولمپک مقابلوں میں حصہ لے سکیں۔ کسی بھی موضوع پر وزراء کو اپڈیٹ رہنا چاہیے۔ورنہ عوام سب کچھ دیکھتی ِ، سنتی اور پڑھتی رہتی ہے۔
