اوراد۔ 8/ستمبر (پریس نوٹ): سرکاری اُردو ہائیرپرائمری اسکول، بسون گلی، تعلقہ اوراد ضلع بیدر میں آج دوشنبہ 8/ستمبر کو ماہ میلادالنبی ﷺ کے پیش نظر جلسہ سیرت مصطفےٰ ﷺ اور دوپہر میں ”یومِ اساتذہ“ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ جلسہ سیرت مصطفےٰ ﷺ کی نگرانی بیدر سے تشریف لائے معروف شاعر وادیب جناب محمدیوسف رحیم میرؔبیدری نے کی۔ جبکہ مہمانان کی حیثیت سے اوم پرکاش دڈّے پرنسپل گورنمنٹ پی یوکالج اوراد، جناب حافظ مجیب صاحب خطیب وامام مسجد چٹہ اوراردو صحافی جناب عبدالقدیر لشکری(منااکھیلی) شریک رہے۔ طلبہ وطالبات نے حمد، نعت، ترانے،اور وطنی ترانے پیش کئے۔ جبکہ میرمعلم سیدمحمد غوث قادری اشرفی، حافظ محمد مجیب صاحب اور محمدیوسف رحیم بیدری نے نبی کریم ﷺ کی سیرت سے متعلق باتیں طلبہ تک پہنچائیں اور ان سے رسول اکرم ﷺ کے اسوہ پر چلنے کو کامیابی قرار دیا۔ یہ بھی بتایاگیاکہ بالغ طالبات کو پردہ سے کام لینا چاہیے۔ جو طلبہ وطالبات لکھنے پڑھنے سے دلچسپی رکھتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اپنے اپنے میدان کے معروف رائٹر بھی بنیں۔ناکامی پر مایوس نہ ہوں اور موبائل سے حتی الامکان دور رہیں۔تعلیم ہی سے زندگی میں بہار ہے۔ اس موقع پر جناب محمدیوسف رحیم بیدری سکریڑی یاران ِ ادب بیدر کی جانب سے طلبہ وطالبات میں نوٹ بکس تقسیم کی گئیں۔ اسکول کی جانب سے بھی طلبہ وطالبات کو جامیٹری کی اشیاء تحفہ میں دی گئیں۔ محترمہ سیدہ شگفتہ سکریڑی یارانِ ادب اوراد (بی) نے انتظامی امور کی دیکھ بھال کی۔ اس کے علاوہ جناب بیدری کے افسانچوں کی کتاب ”چیں“ بھی طلبہ وطالبات میں تحفتاً پیش کی گئی تاکہ طلبہ کاذہن لکھنے پڑھنے کی طرف مائل ہوسکے۔تقریب میں میرمعلم کے علاو ہ تمام ٹیچرس محترمہ سیدہ شگفتہ، محترمہ سیدہ افشاں،محترمہ ماہ جبین، محترمہ افشاں بیگم اور مسٹر شیکپا(شیکھر) موجودتھے۔ میرمعلم جناب سیدمحمد غوث قادری اشرفی کے شکریہ اور قومی ترانے (جن گن من…) پر تقریب اختتام کو پہنچی۔ اسکول کے صدر معلم اور تدریسی اسٹاف کی جانب سے صدر تقریب، اورتمام مہمانوں کی شالپوشی و گلپوشی کی گئی۔ اور میڈل سے بھی نوازا گیا۔
