کلبرگی 9 / ستمبر: معزز گورنر برائے ریاست کرناٹک و چانسلر گلبرگہ یونیورسٹی شری تھاور چند گہلوٹ کے دفتر موقوعہ راج بھون بنگلور سے بروز پیر جاری نوٹیفکیشن کے بموجب گلبرگہ یونیورسٹی کلبرگی کے ریگولر وائس چانسلر پروفیسر دیانندا اگسر کی مدتِ کار کے اختتام کے آٹھ ماہ بعد ڈاکٹر ششی کانت ایس اوڈیکیری کو چار سالہ مُدتِ کار کے لئے گلبرگہ یونیورسٹی کا نیا ریگولر وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے ۔  دَرِیں اَثْنا آٹھ ماہ کے دوران اس باقاعدہ وائس چانسلر کی تقرری تک کرناٹک اسٹیٹ یونیورسٹی ایکٹ کے تحت گلبرگہ یونیورسٹی کے تین مختلف شعبوں کے سینئر پروفیسرز نے گلبرگہ یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر کی حیثیت سے کار گُزار و کارگرد رہے ۔ واضح رہے کہ قبل ازیں ڈاکٹر ششی کانت دھارواڑ زرعی یونیورسٹی میں بحیثیت پروفیسر خدمات انجام دے رہے تھے ۔ جن کا تعلق بیلگاوی ضلع کے ساؤدتّی تعلقہ کے اوڈیکیری گاؤں سے ہے ۔ آپ نے کچھ عرصہ ضلع بیلاری کی شری کرشنا دیورایا یونیورسٹی کے ایویلیویشن رجسٹرار کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں ۔
               تفصیلات کے مطابق کرناٹک اسٹیٹ یونیورسٹی ایکٹ 2000 کی دفعہ 14(2) کے تحت ریاستی حکومت کے ذریعہ تشکیل دی گئی سرچ کمیٹی نے اپنا پینل ریاستی حکومت کو سونپ دیا تھا، جسے قَطْعِیَّت دینے کے لیے حکومت نے معزز چانسلر کی خدمت میں روانہ کیا تھا اور معزز چانسلر نے سرچ کمیٹی کی سفارشات پر غور کرتے ہوئے  میرٹ، مساوات اور سماجی انصاف کے خُطُوط پر ریاستی حکومت کی رضامندی سے یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز دھارواڑ کے پروفیسر ڈاکٹر ششی کانت ایس اوڈیکیری کو گلبرگہ یونیورسٹی کے مستقل وائس چانسلر کی حیثیت سے چار سالہ میعاد کے لئے مقرر کیا ہے ۔
            یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ حکومتِ کرناٹک نے عہدِ آصف جاہی کی 1724 تا 1948 (بالخصوص علاقہ حیدرآباد کرناٹک) کی تاریخ رقم کرنے وزارتِ اعلیٰ تعلیم کے تحت ” کلیان کرناٹک پردیشدا اتہاس رچنا سمیتی” کی تشکیل عمل میں لائی ہے، ہر موجودہ وائس چانسلر گلبرگہ یونیورسٹی اس سمیتی کا رکن اور دیگر میں ڈاکٹر وہاب عندلیب و ڈاکٹر ماجد داغی رکن اور ڈاکٹر لکشمن دستی اس سمیتی کے ممبر سیکریٹری اور کلیان کرناٹکا کے ریجنل کمشنر اس سمیتی کے صدرنشین ہونگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے