19/ ستمبر کو تمام مساجد میں "ختمِ نبوت” موضوعِ خطبہ ہوگا
ظہیرآباد 18/ ستمبر(مشرقی آوازجدید): ماہِ ربیع الاول کی مبارک فضاؤں میں ضلع سنگاریڈی اور اطراف کے علما و ائمہ کرام نے حسبِ روایت سیرتِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف پہلوؤں پر بیانات فرما کر عوام کو علمی و روحانی فیض پہنچایا۔ تاہم ربیع الاول کے اختتام پر اکابر علماء نے اس بات پر زور دیا کہ سیرتِ رسول ﷺ کا سب سے اہم اور بنیادی پہلو یعنی شانِ ختمِ نبوت کو خاص طور پر موضوع بنایا جائے۔
علماء نے کہا کہ ختمِ نبوت ایمان کی اساس اور اسلام کی بنیاد ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے آخری نبی ہیں، آپ کے بعد کسی نبی کے آنے کا کوئی امکان نہیں۔ اس عقیدے کو دل و جان سے ماننا ہر مسلمان پر واجب ہے۔ علماء نے اس پر بھی روشنی ڈالی کہ تاریخ میں جھوٹے مدعیانِ نبوت نے ہمیشہ امت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے، اس لیے عقیدہ ختمِ نبوت کی حفاظت صرف علماء ہی نہیں بلکہ پوری امت کی ذمہ داری ہے۔
مجلسِ تحفظ ختمِ نبوت (تلنگانہ و آندھرا پردیش) کی ہدایات کے مطابق ضلع کے علماء نے مشترکہ اپیل جاری کرتے ہوئے کہا کہ:
جمعتہ المبارک 26 ربیع الاول 1447ھ مطابق 19/ ستمبر 2025ء کو ضلع کی تمام مساجد میں خطباتِ جمعہ کا موضوع "عقیدہ ختمِ نبوت اور اس کی اہمیت” رکھا جائے۔ عوام کو بتایا جائے کہ ختمِ نبوت دین کی اساس اور ایمان کا لازمی جزو ہے۔ نوجوان نسل کے ذہنوں میں یہ عقیدہ راسخ کیا جائے تاکہ کسی بھی فتنے یا گمراہی سے محفوظ رہ سکیں۔
علماء نے اس موقع پر عوام اور ائمہ حضرات سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کے خطبات میں ختمِ نبوت کے پیغام کو عام کریں اور اس حساس عقیدے کو نئی نسل تک مؤثر انداز میں پہنچائیں۔
آخر میں علماء نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پوری امت کو ایمان کی حفاظت اور ختمِ نبوت کے تحفظ کی سعادت عطا فرمائے۔
مشترکہ اپیل کنندگان میں مولانا عتیق احمد قاسمی (ظہیرآباد)، مولانا حشمت علی حسامی (پٹن چیرو)، مفتی اسلم سلطان قاسمی (سنگاریڈی)، مفتی عبدالصبور قاسمی (ظہیرآباد)، مولانا نصیر صاحب (نارائن کھیڑ) اور مفتی نصیر صاحب (سداسیوپیٹ) شامل ہیں۔
