بانسی، سدھارتھ نگر: رتن سین ڈگری کالج بانسی سدھارتھ نگر کے شعبۂ اردو نے عظیم ماہر تعلیم اور سماجی شخصیت سرسید احمد خان کے یوم پیدائش کے موقع پر 17اکتوبر 2025 کو یک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا۔ پروگرام کوآرڈینیٹر اور شعبہ اردو کے سربراہ پروفیسر شریف الدین نے سرسید کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے تمام حاضرین کا خیرمقدم کیا۔ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر سنتوش کمار سنگھ نے تعلیم سے متعلق سرسید کے خیالات و نظریات کو پیش کیا۔
اس موقع پر شعبۂ اردو کے طلباء نے سرسید کے فلسفہ حیات پر مختلف خیالات کا اظہار کیا۔ ریسرچ اسکالرز شفیق احمد، ثنا رہبر اور جستجو نے ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ طالبہ نورصبا، روشنی، وندنا اور شبانہ نے سرسید کی خصوصی تعلیمات کو منظوم شکل میں پیش کیا۔
سوشیالوجی کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر دیاشنکر پٹیل اور ڈاکٹر کیدارناتھ گپتا نے سرسید کی گنگا جمنی ثقافت کو ہمارے ملک میں امن کے قیام میں ممدومعاون کے موضوع پر روشنی ڈالی۔ پولیٹیکل سائنس شعبہ سے ڈاکٹر وکاس سنگھ اور بی ایڈ شعبہ سے ڈاکٹر وکاس کمار سنگھ نے بھی ان کے نظریات کو پیش کیا۔ نیز پروگرام کے معاون کوآرڈینیٹر اور بی ایڈ محکمہ کے سینئر اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ہنس راج کشواہا نے کہا کہ سرسید احمد خان ایک عظیم ماہر تعلیم اور مشہور سماجی مصلح تھے۔ انہوں نے تحریک آزادی اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
ڈاکٹر کشواہا نے سیمینار میں شرکت کرنے والے تمام اسکالرز، محققین اور حصہ لینے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام میں ڈاکٹر کرن دیوی، لائبریرین ڈاکٹر راجیش شرما، ڈاکٹر دیویندر پرساد، گیان متی، دھننجے، ہرپریت، تمام عملہ اور کثیر تعداد میں طلباء شریک رہے۔
