لکھنؤ (ابوشحمہ انصاری): معروف شاعر اور خوش اخلاق ادبی شخصیت شمیم انجم وارثی کی والدہ محترمہ کے انتقال پر ادبی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مرحومہ کی یاد میں رسالہ "اہلِ قلم” کی جانب سے ایک تعزیتی نشست منعقد کی گئی، جس کی صدارت مدیرِ اعلیٰ سہیل ساحل نے کی۔
اجلاس میں مرحومہ کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ نائب مدیرہ ڈاکٹر سعدیہ سلیم شمسی نے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ماں جیسی عظیم ہستی کا بچھڑ جانا زندگی کا ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ مجلسِ مشاورت کے رکن ذکی طارق بارہ بنکوی نے مرحومہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہلِ خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔ دیگر اراکینِ اہلِ قلم نے بھی سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ شمیم انجم وارثی رسالہ "اہلِ قلم” کی مجلسِ مشاورت کے فعال رکن ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ آمین۔
