علما کی زیارت اور مریضوں کی تیمارداری، اخوتِ اسلامی، محبتِ ایمانی اور قربِ الٰہی کے حصول کے اہم ذرائع

محمد ہاشم سلفی

_________________

الحمد للّہ! جمعیت اہلِ حدیث ایک ایسا دینی و اصلاحی پلیٹ فارم ہے جو ہمہ وقت دینی، ملی اور سماجی خدمات کی انجام دہی میں مصروفِ عمل رہتا ہے۔ اس کے ذمہ داران نہ صرف دعوتی، تعلیمی اور اصلاحی سرگرمیوں میں پیش پیش رہتے ہیں، بلکہ امت کے مسائل، خوشی و غمی کے مواقع اور آفات و مصائب کے لمحات میں بھی عوام و علما کے شانہ بشانہ کھڑے نظر آتے ہیں۔

اسی جذبۂ خیر، اخوت اور ہمدردی کے تحت ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کا ایک سہ رکنی نمائندہ وفد یکم جنوری 2026ء، بروز جمعرات مفکرِ اسلام علامہ عبدالجلیل رحمانی کی معروف بستی ششہنیاں پہنچا۔ اس وفد کی قیادت ضلعی جمعیت کے ناظمِ عمومی مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی نے کی، جب کہ ان کے ہمراہ جماعت کے مخیراور نائب ناظم ضلعی جمعیت مولانا رفیع احمد ندوی اور حلقہ نوگڑھ کے جواں سال اور پُرجوش ناظم مولانا محمد ہاشم سلفی شریکِ سفر تھے۔

اس قافلۂ خیر کا بنیادی مقصد جماعت کے مختلف علمائے کرام سے شرفِ ملاقات، بیمار علما کی عیادت و تیمارداری، مصیبت زدہ احباب کی دلجوئی اور ان کے احوال سے واقفیت حاصل کرنا تھا۔

جماعت کے معروف قلم کار، کامیاب مترجم اور سنجیدہ عالمِ دین مولانا محمد نعیم سلفی کی علمی و دعوتی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ آپ کی متعدد گراں قدر تصانیف زیورِ طباعت سے آراستہ ہو کر اہلِ علم سے دادِ تحسین حاصل کر چکی ہیں۔ ان دنوں آپ ششہنیاں ہی میں مقیم ہیں، جہاں باقاعدگی سے پنج وقتہ نمازوں کی امامت فرماتے اور نمازِ فجر کے بعد درس بھی دیتے ہیں۔ حالیہ ایام میں طبیعت کی ناسازی اور پیر میں درد کے باعث آپ کرسی پر نماز ادا کر رہے ہیں۔

شیخِ محترم کی علالت کی اطلاع ملنے پر ضلعی جمعیت کے ذمہ داران ان کے دولت کدہ ششہنیاں پہنچے اور ان کی عیادت و تیمارداری کی۔ اس موقع پر خیریت دریافت کی گئی اور صحت کے حوالے سے اطمینان بخش معلومات حاصل ہوئیں۔ عیادت کے دوران احباب نے اس ملاقات کو باعثِ سعادت قرار دیا اور شیخِ محترم کے لیے درازیِ عمر، کامل صحت اور عافیت کی دل سے دعا کی۔

مولانا موصوف کی علمی و دعوتی خدمات نہایت قابلِ قدر ہیں اور اہلِ علم و جماعت کے دلوں میں ان کا مقام مسلم ہے۔ضلعی جمعیت اہلِ حدیث ،سدھارتھ نگر کے شعبہ نشرواشاعت سے ان کی تازہ ترین کتاب "طلبہ کے لیے نقوش حیات” زیر طباعت ہے اور عنقریب قارئین کے ہاتھوں میں ہوگی۔

زائرین کواپنی بہترین مترجم کتاب "اولاد کی تربیت” ہدیہ کیا۔اللہ ان کی علمی خدمات کو قبول فرمائے ۔

عیادت کے موقع پر مولانا سمیع اللہ سلفی اور مولانا عبدالمعبود سلفی سے بھی شرفِ ملاقات حاصل ہوئی، جس پر باہمی مسرت کا اظہار کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ شیخِ محترم کو کامل صحت عطا فرمائے، انہیں عافیت و سلامتی کے ساتھ رکھے اور ان سے دینِ متین کی مزید خدمت لے۔ آمین یا رب العالمین۔

اللہ تعالیٰ اس سفر کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، تمام بیماروں کو شفا عطا فرمائے، مصیبت زدگان کے دکھ درد کو دور فرمائے اور جمعیت اہل حدیث کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔ آمین!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے