گھوسی، مئو سے سید عبدالقادر کی رپورٹ
گھوسی، مئو (24/02/26): گھوسی نگر کے قاضی پورہ محلہ کے رہائشی سینئر وکیل ظفرالاسلام کا منگل کی دیر شام انتقال ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق منگل کی دوپہر گھوسی سنیما ہال کے قریب ایک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں وہ شدید طور پر زخمی ہوگئے تھے۔
حادثے کے فوراً بعد انہیں علاج کے لیے اعظم گڑھ کے لائف لائن اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دورانِ علاج انہوں نے آخری سانس لی۔ ڈاکٹروں نے انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی، لیکن شدید چوٹوں کے باعث ان کی جان نہ بچائی جا سکی۔
ظفرالاسلام گھوسی علاقے کے معزز اور ممتاز وکلاء میں شمار کیے جاتے تھے۔ ان کے انتقال کی خبر سے وکلاء برادری اور پورے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی لوگوں نے اسے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔ ان کے انتقال پر متعدد معزز شخصیات، سماجی تنظیموں اور وکلاء نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کی ہے۔
مرحوم کے پسماندگان میں اہلِ خانہ سوگوار ہیں اور گھر میں کہرام مچا ہوا ہے۔
