6؍روزہ خصوصی ایام ِ مغفرت منانے کی میرؔبیدری کی اپیل  

بیدر۔ 28؍فروری (راست): اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے رمضان کے دوسرے عشرے (11؍رمضان تا20؍رمضان المبارک) کو مغفرت کاعشرہ کہاہے ۔نبی کریم  ﷺ کافرمان ِ مبارک ہے لہٰذا ماہ رمضان کے اس عشرہ میں مغفرت کا ہونا یقینی ہے۔اس عشرہ ء مغفرت کے حوالے سے امت مسلمہ سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ 11؍رمضان سے 16؍رمضان تک 6؍روزہ خصوصی ایام ِ مغفرت منائیں۔ یہ اپیل اردو اور دکنی کے شاعر وادیب جناب میرؔبیدری نے کی ہے۔ جناب بیدری نے امت مسلمہ(اورقلمکاروں) سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ اس عشرہ ء مغفرت کو اس کے شایان شان مناتے ہوئے خصوصی طورپر 11؍رمضان المبارک (اتوار) :۔کو اپنے آباء واجداد اور مرحوم والدین کے حوالے سے منائیں ۔ ان کے لئے افطار کے وقت خصوصی دُعائے مغفرت کی جائے۔ مساجد میںآباء واجداد اور مرحوم والدین کے لئے خصوصی دعا کی جائے ۔ 12؍رمضان المبارک (پیر) :۔کو ہندوستان کی جنگ ِ آزادی کے شہداء ، غزہ کے شہداء ، کشمیر وفلسطین کے شہداء ، سقوط ِ حیدرآباد کے شہداء ، یمن اور عراق وایران کے شہداء کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ 13؍رمضان المبارک (منگل):۔ کو مختلف فسادات میں مارے گئے شہداء ، مآب لنچنگ میں کام آچکے شہید ، لاک اپ ڈیتھ والے مرحومین اور سڑک حادثات والے مرحومین کے لئے دعائیں کی جائیں ۔ 14؍رمضان المبارک (چہارشنبہ ) :۔ کے روزہ کے افطار کے وقت شہر اوردیہات کے نامی گرامی وہ مرحومین جنھوں نے شہرودیہات کی ترقی کیلئے بے لوث کام کیاہے ، ان کی مغفرت کے لئے دعاکی جائے ۔ پانچویں دن15؍رمضان المبارک (جمعرات ) :۔ کو اہل سنن اور اہل تشیع کے تمام مکاتب فکر کے مرحوم علمائے کرام کی مغفرت کے لئے دُعا کی جائے ۔ اسی طرح چھٹویں دن 16؍رمضان المبارک (جمعہ) :۔ کو تمام زبانوں کے قلمکاروں خصوصاً اردو اور دکنی زبان کے قلمکاروںحضرت خواجہ بندہ نواز گیسودرازؒ(بحیثیت قلمکار)، فخردین نظامی ، ولیؔ وسراج ؔاورنگ آبادی ، میرتقی میرؔ، غالب ؔ، چکبست ؔ،الطاف حسین حالی ؔ، علامہ اقبالؔ، محمد حسین آزاد ، منشی پریم چند ، ذوق ؔو مومن ؔ نظیراکبرآبادی ، انیس ودبیرؔ، اکبر ؔالہ ٰآبادی ،احمد فرازؔ، جون ایلیا،ماہرؔالقادری ، عامرؔعثمانی ، حفیظ ؔمیرٹھی ، نعیم صدیقی ، ابن صفی ، آغاحشرکاشمیری ، آغاقزلباش ، مشیر ؔجھنجھانوی ، گلزارؔدہلوی،شاذؔتمکنت ، شمس الرحمن فاروقی ، مظفرؔحنفی ، راحت ؔاندوری ، منوررانا ؔ،ملانصرتی ، ہاشمی بیجاپوری ، فیروز ؔبیدری، سلیمان خطیب ، عطا ؔکلیانوی ، رشید احمد رشید ؔ، سید حسین سیفیؔ سبحانی ، اکرام باگ ، سرور ؔڈنڈا، گلی نلگنڈوی ، بگڑ رائچوری ، ڈاکٹر وحید انجم  ؔ،فرید انجم ؔ،قرۃ العین حیدر، خدیجہ مستور ، اداؔجعفری ، پروین شاکر ،صغریٰ عالم ، ریحانہ بیگم ریحانہ ؔ ،فضل الرحمن ہادی ؔ، باسط خان صوفی ؔ، محی الدین قادری زور ؔ، پروفیسر عبدالمغنی ، عبدالباری شبنم سبحانی ،عزیز ؔبگھروی ، رحمان جامی ؔ، قدیرؔ انصاری ، محمود ایاز ؔ، خلیل مامون ،خالد سعید ، عزیزؔ بلگامی وغیرہ کی مغفرت کے لئے دعا کی جائے۔ اپنے اپنے علاقے کے قلمکاروں کے لئے بھی دعا ضرور کریں ۔ علمائے کرام خصوصاً جمعہ پڑھانے والے ائمہ سے جناب میرؔبیدری نے گذارش کی ہے کہ وہ منبر رسول سے قلمکاروں کی مغفرت کیلئے دُعافرمائیں۔ موصوف نے یہ بھی گزارش کی ہے کہ یوم ِ جمعہ کو بیماروں کی صحت یابی کے لئے بھی دعا فرمائیں اور جیلوں کی زندگی گزار رہے بے قصور افراد کی رہائی کے لئے بھی دعا فرمائیں ۔ اللہ تعالیٰ آپ تمام کی دعاؤ ں کوقبول فرمائے۔ آمین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے