اٹوا، سدھارتھ نگر(سید عزیز الرحمن): بزم اربابِ ادب اٹوا کی 110 ویں ماہانہ ادبی طرحی نشست جناب ڈاکٹر ایاز احمد کی صدارت اور جناب ارشد اقبال کی نظامت میں جمال ٹریڈرس پر منعقد ہوئی جس میں شعرآء کرام نے اپنی طرحی غزلیں پیش کیں سید عزیز الرحمٰن عاجز نے نعت ِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھ کرنشست کا آغاز کیا ۔چنندہ اشعار باذوق افراد ادب نواز اردو دوست قارئین کے سپرد ہیں ۔
انھیں بھی پیار آئےگا مری اس حالتِ دل پر
حضورِ حسن جب رقصاں مِری دیوانگی ہوگی
ڈاکٹرایاز اعظمی
کبھی سوچا نہ تھا دنیامیں ایسی تیرگی ہوگی
دئے روشن تو ہوں گے پر نہ کوئی روشنی ہوگی
جمال قدوسی
علم غیروں کا لےکر کوچہ کوچہ جو پھروگے تم
مقدر میں تمہارے پھر فقط کاسہ گری ہوگی
التجاحسین نورصدیقی
طیورِ گلستاں ہم ہیں ہمیں سے چہچہاہٹ ہے
نہ ہوں گے ہم کبھی جو پھر نہ اس میں نغمگی ہوگی
سیدعزیزالرحمٰن عاجز
پرندے شاخ پر ہردم یہی اک گیت گاتے ہیں
خزاں کا دور جاۓ گا گلوں پر تازگی ہوگی
ارشد اقبال
اگر دیکھے نہ تو گردِ سفر اے راہئ منزل
ترے قدموں کےآگے خود بخودمنزل پڑی ہوگی
ضمیراحمدضمیرقاسمی
گزرتی ہے تری عمر رواں گر کھیل و مستی میں
یقینا ایک دن ہاتھوں میں تیرے بانسری ہوگی
محمد جمال اجمل
غمِ دوراں میں الجھا ہوں غم جاناں سے کیا مطلب
لب و رخسار پر ہرگز نہ مجھ سے شاعری ہوگی
شکیل ضاغط
ریاکاری تصنّع ظاہری شکل و شباہت بس
علاماتِ مسلمانی رہیں گی کافری ہوگی
عبدالماجدماجٓد
یقیں محکم مسلمانو! اگرہوجائےگا تم کو
یہ وعدہ رب کا ہے بےشک تمہاری سروری ہوگی
عبدالرب جوہر
تو پتھردل کا مالک ہے دکھاوا کر نہ رونے کا
اگرانساں کا دل ہوگا تو آنکھوں میں نمی ہوگی
شفیق شہپر
مٹاناچاہتےہیں جو مٹادیں شوق سےمجھ کو
مگراشعارمیں ہردم مِری موجودگی ہوگی
شیوساگرسحر
خدا کی یاد میں ڈوبا رہے گا دل مِرا ہردم
مرے اخلاص سے افکار کی پاکیزگی ہوگی
صفی الرحمٰن صفی
جہاں میں امن قائم ہو یہی ہے آرزوئےدل
عمرجیسی جہاں میں جب کسی کی سروری ہوگی
محبوب عالم محںبوب
مظالم کب تلک ڈھاتے رہیں گے حکمراں ہم پر
ہماری زندگانی کیا ہمیشہ درد کی ہوگی
شاد نیپالی
اداسی اس لئے محبوب کی آنکھوں میں چھائی ہے
شبِ غم یاد اے فرہاد تیری آ گئی ہوگی
جنید فرہاد لٹیاوی
محبت پر ہماری رشک اک عالم کرے گا جب
جدا کچھ اس طرح اوروں سے اپنی عاشقی ہوگی
سلمان حنیف خان
بڑی امید لے کر آپ کے ہم پاس آیے ہیں
یہ دنیا پھرسے بکھری ہے یہیں سے رہبری ہوگی
ڈاکٹرقمراقبال قمر
اس موقع پر شعرآء کے علاوہ دیگر حضرات بھی موجود رہے۔

