بنگلورو ؛20/اپریل 2026: ہندوستانی اردو منچ (ہم) بنگلورو کے زیر اہتمام معروف ادیب اور ہردلعزیز کالم نگار جناب محمد اعظم شاہد کی پندرہ سالہ کالم نگاری کے سفر پر ایک خصوصی نشست بعنوان ’’تفہیم، تجزیہ، تحسین‘‘ کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔ یہ باوقار تقریب بروز چہارشنبہ، 22/ اپریل 2026 کو شام 5 بجے ہم سینٹر، نزد شفا اسپتال، کوئنز روڈ، بنگلورو میں منعقد ہوگی جس کی صدارت کرناٹک اردو اکادمی کے سابق چیرمین جناب عزیز اللہ بیگ (آئی اے ایس ریٹائرڈ) فرمائیں گے۔
اس موقع پر جناب محمد اعظم شاہد کی ادبی و صحافتی خدمات پر روشنی ڈالنے اور اپنے تاثرات پیش کرنے کے لیے ممتاز افسانہ نگار جناب فیاض قریشی، آل انڈیا ریڈیو بنگلورو کے سابق ڈائریکٹر جناب ملنسار اطہر احمد، معروف صحافی جناب شرف الدین سید، مدیر قلم کدہ گلبرگہ ڈاکٹر انیس صدیقی، پونے سے تعلق رکھنے والی معروف ادیبہ و صحافی محترمہ شاہ تاج خان، مدیر حقیقت ٹائمز ٹمکور جناب عبدالحلیم منصور اور ادیب و خاکہ نویس جناب عبداللہ نادر شریک رہیں گے۔
نشست کے دوران جناب منیر احمد جامی (رکن کرناٹک اردو اکادمی) اور معروف شاعرہ و ادیبہ ڈاکٹر فرزانہ فرح (بھٹکل) اپنا منظوم تہنیتی کلام پیش کریں گے، جبکہ نظامت کے فرائض محترمہ صبیحہ فاطمہ، سالار ڈیجیٹل اردو بنگلور انجام دیں گی۔ ہندوستانی اردو منچ کے صدر اعجاز علی جوہری، سیکرٹری این ڈی ملّا اور جملہ ٹرسٹیان نے ادب دوست حضرات سے اس خصوصی نشست میں شرکت کی پرخلوص گزارش کی ہے۔

