حیدرآباد- 27/ مئی (مشرقی آواز جدید): صدر جمعیتہ العلماء تلنگانہ مولانا سید شاہ احسان الدین صاحب و جنرل سکریٹری حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب نے ریاست کے تمام ضلعی صدور و نظماء کے نام اپنے خصوصی پیغام میں عالم اسلام کو عیدالاضحیٰ کی پُرخلوص مبارکباد پیش کی ہے۔ جمعیت قائدین نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ دراصل حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اُس عظیم سنت کی یادگار ہے جب انہوں نے محض اللہ تعالیٰ کی رضا و محبت کے لیے اپنے لخت جگر حضرت اسماعیل علیہ السلام کو قربان کرنے کا عزم کیا تھا۔ آج ہم اسی سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی پیش کرتے ہیں جس کا مقصد رضائے الٰہی کا حصول ہے۔ مولانا سید شاہ احسان الدین صاحب نے مزید فرمایا کہ عیدالاضحیٰ کا پیغام صرف جانوروں کی قربانی تک محدود نہیں بلکہ اس کے ساتھ ہمیں اپنی خواہشاتِ نفس، تکبر، حسد اور تمام گناہوں کی بھی قربانی دینی چاہیے۔ قربانی کا اصل فلسفہ یہی ہے کہ انسان اپنے اندر تقویٰ پیدا کرے۔
جنرل سکریٹری حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب نے تمام ضلعی صدور و نظماء سے اپیل کی کہ وہ عید کے موقع پر صفائی، قانون کا احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کا خاص خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم یہ عہد کریں کہ گناہوں سے مکمل اجتناب کریں گے اور اطاعتِ خداوندی و اطاعتِ رسول ﷺ کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں گے۔ آخر میں دونوں قائدین نے تمام امت مسلمہ، خصوصاً تلنگانہ کے عوام کے لیے خیر و عافیت، امن و سلامتی اور اتحاد و اتفاق کی دعا کی۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے