300 سے زائد افراد نے استفادہ کیا، مفت طبی مشورے اور ادویات فراہم کی گئیں

لکھنؤ: (پریس ریلیز): زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل فاؤنڈیشن کی جانب سے ورِدھا متر پروگرام اسکول کے اشتراک سے کٹرا پلٹن چھاؤنی، جانکی پورم میں ایک مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ کا مقصد معاشرے کے کمزور اور ضرورت مند طبقات کو بنیادی طبی سہولیات، مفت طبی مشوروں اور ادویات کی فراہمی تھا تاکہ وہ بروقت علاج اور صحت سے متعلق رہنمائی حاصل کر سکیں۔
کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں کا ایک پینل موجود تھا جس میں ڈاکٹر محمد فرید احمد، ڈاکٹر اشرف نجیب، ڈاکٹر ظفر شامل تھے۔ کیمپ میں موجود ڈاکٹروں نے مریضوں کا طبیمعائنہ کیا، اور ضرورت کے مطابق مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد فرید احمد نے بتایا کہ میڈیکل کیمپ سے300 سے زائد افراد نے استفادہ کیا۔ کیمپ میں مریضوں کے لیے شوگر اور بلڈ پریشر کی جانچ کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ معائنہ کے دوران زیادہ تر مریض ایسے سامنے آئے جو جلدی امراض، معدہ و پیٹ کی بیماریوں اور شدید گرمی کے باعث ڈی ہائیڈریشن جیسی شکایات میں مبتلا تھے۔
ڈاکٹر فرید احمد نے عوام کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ شدید گرمی کے موسم میں لوگ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی اور دیگر مشروبات کا مناسب استعمال کریں، صاف ستھری اور متوازن غذا اختیار کریں اور اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ موسمی بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔
زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے اس موقع پر کہا کہ فاؤنڈیشن معاشرے کے محروم اور ضرورت مند افراد کی خدمت کے لیے مختلف رفاہی و سماجی پروگرام مسلسل منعقد کرتی رہتی ہے اور مستقبل میں بھی صحت، تعلیم اور خود روزگاری کے میدان میں اپنی خدمات جاری رکھے گی۔
کیمپ کے انعقاد اور انتظامات میں اسد علی، وپن یادو، ظفرالدین انصاری، حافظ شمشیر، راہل ورما، شریجل گپتا، لکشمی سنگھ اور سیما دیوی نے اہم کردار ادا کیا۔
علاقہ کے عوام نے زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل فاؤنڈیشن کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے طبی کیمپوں کا انعقاد کیا جاتا رہے گا تاکہ ضرورت مند افراد کو معیاری طبی سہولیات بآسانی میسر آسکیں۔

مذکورہ اطلاع زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل فاؤنڈیشن، لکھنؤ کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے ذریعہ دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے