حاجی پور، ویشالی (پریس ریلیز): ادارہ ادب اسلامی ویشالی کی جانب سے مورخہ 10/اکتوبر 2026 بروز سنیچر رات 09/بجے گوگل میٹ پر آن لائن میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔
میٹنگ میں کئ اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا، خصوصی طور پر ادارہ ادب اسلامی ویشالی کی جانب سے ہونے والے پروگرام جلسۂ سیرت النبی و محفل نعتیہ سے متعلق اہم تجاویز پیش کئے گئے، وہ یہ کہ مورخہ 25/اکتوبر 2026 بروز اتوار بوقت 10 /بجے صبح تا ظہر جامع مسجد انور پور، حاجی پور میں اس پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا، پروگرام کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا، پہلا حصہ جلسۂ سیرت النبی کا جس میں آپ علیہ السلام کی حالات زندگی، مکی و مدنی دور، سیرت کے پیغامات، سیرت کے تقاضے، سیرت کی اہمیت و افادیت، اور دوسرا حصہ نعتیہ محفل کا۔ پروگرام میں مقامی و بیرونی مقررین سیرت النبی کے موضوع پر مواعظ حسنہ اور شعرائے کرام نعت پاک سے لوگوں کو مستفید فرمائیں گے۔ یقیناً اللہ رب العزت نے جہاں آپ ﷺ کو تمام انسانیت سے افضل اور اعلیٰ مقام و مرتبہ عطا فرمایا ہے وہاں آپ کو بہت سی ایسی خوبیاں اور خصوصیات بھی عطا فرمائی ہیں جو تمام انبیاء اور کل کائنات سے آپ کو ممتاز کرتی ہیں۔
نبی کریم ﷺ کی عظمت و رفعت کے بیان میں اللہ تعالیٰ نے سیکڑوں خصوصیات آپ کو دے رکھی ہیں۔ پیغمبر آخر الزماں حضرت محمد ﷺ کی حیات طیبہ ہمارے لیے اسوۂ حسنہ ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک زندگی قرآن کریم کا عملی نمونہ ہے گویا آپ ﷺ کی زندگی دراصل تفسیر قرآن و تشریح قرآن ہے، جس نے آپ کی سیرت پر عمل کیا اس نے صحیح معنوں میں قرآن کریم کی تلاوت کی، آپ ﷺ کی اطاعت ہی سے ہدایت میسر آسکتی ہے ’’وان تطیعوا تھتدوا‘‘(القرآن) اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ ﷺ کی حیات اقدس کامطالعہ کیا جائے اور اپنے کردار و عمل کو اس کے مطابق ڈھالا جائے۔ سیرت کا موضوع گلشن سدا بہار کی طرح ہے جس کی سج دہج میں ہر پھول کی رنگینی و شادابی دامان نگاہ کو بھر دینے والی ہے۔ یہ گل چیں کا اپنا ذوق انتخاب ہے کہ وہ کس پھول کو چنتا اور کس کو چھوڑتا ہے مگر حقیقت یہ ہےکہ جسے چھوڑا وہ اس سے کم نہ تھا جسے چن لیا گیا۔ بس یوں جانیے کہ اس موضوع پر ہر نئی تحقیق و توثیق قوس قزح کے ہر رنگ کو سمیٹتی اور نکھارتی نظر آتی ہے۔
سیرت طیبہ کا موضوع اتنا متنوع ہے کہ ہر مسلمان اس موضوع میں دلچسپی رکھتا ہے، اسے سیکھنا، پڑھنا، اور سننا چاہتا ہے، تاکہ وہ اپنی زندگی سیرت النبی کے ہر پہلوؤں پر عمل کر سکے ۔ ہر قلم کار اس موضوع کو ایک نیا اسلوب دیتا ہے،اور قارئین کو رسول اللہ ﷺ کی زندگی کے ایک نئے باب سے متعارف کرواتا ہے، انہیں وجوہات کی بنا پر ادارہ ادب اسلامی ویشالی نے پہل کرتے ہوئے سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا پروگرام انعقاد کرنے کے سلسلے میں میٹنگ کا انعقاد کیا، تاکہ عوام الناس کے درمیان سیرت النبی کے پیغامات کو عام کیا جائے ۔
اس میٹنگ میں جو اراکین شامل تھے ان کی فہرست اس طرح ہے
مولانا محمد نظر الہدیٰ قاسمی، صدر ادارہ ادب اسلامی ہند (ویشالی)
مولانا محمد ضیاء العظیم قاسمی، نائب صدر ادارہ ادب اسلامی ہند (ویشالی)
اسامہ فاروقی، سکریٹری ادارہ ادب اسلامی ہند (ویشالی)
عارف حسن وسطوی، رکن ادارہ ادب اسلامی ہند (ویشالی)
مولانا ارشد نور ندوی، رکن ادارہ ادب اسلامی ہند (ویشالی)
ندیم اختر خاں، خازن ادارہ ادب اسلامی ہند (ویشالی)
مذکورہ تمام اراکین نے میٹنگ میں شرکت کی اور آئندہ پروگرام کو کامیاب بنانے کے سلسلے میں اپنی آرا پیش کیں۔دیگر اراکین کسی شدید مجبوری کی وجہ سے شامل نہیں ہوسکے۔
واضح رہے کہ ادارہ ادب اسلامی ہند کے بنیادی مقاصد تخلیقی ادب کے ذریعے اخلاقی اقدار کے فروغ و ارتقا کی جدوجہد کرنا، ادب سے منفی رجحانات، ذہنی انتشار اور غیر اخلاقی میلانات کو زائل کرنے کی سعی کرنا اور معاشرے میں مثبت پیغامات کو عام کرنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ادارہ اہلِ قلم کی فکری و فنی تربیت، حوصلہ افزائی اور ان کے احساسات کو بیدار کرنے کے لیے مختلف سرگرمیاں انجام دیتا ہے۔
