لیڈرس میٹ میں 9ڈومین سے متعلق دوسالہ پالیسی پروگرام کی عمدہ وضاحت 
بیدر (محمدیوسف رحیم بیدری): بنگلور کے شفیع باغ مسجد میں صالیڈارٹی یوتھ موومنٹ کرناٹک کا ریاستی اجلاس Leaders Meet کے عنوان سے منعقد ہواجس میں دوسال 2023-24کی پالیسی اورپروگرام کی وضاحت ریاست بھر سے آئے شرکاء کے سامنے کی گئی۔ سب سے اہم بات یہ ہوئی کہ صالیڈارٹی یوتھ موومنٹ کا دستور تیار ہوگیاجس کی رسمِ اجراء انجام دیتے ہوئے صالیڈارٹی کے ذمہ داران نے اپنی مسرت کا اظہار کیا اور اس توقع میں حق بجانب رہے کہ کام کرنے کے لئے جب تک تحریری رہنمائی نہ ہو، کام میں حسن، اعتدال اور احتیاط کے علاوہ جوش نہیں ہوتا۔ بتایاگیاکہ 9ڈومین میں کام کرنا ہے۔ صحت ، کھیل کود، اقتصادیات ، حکومتی اسکیمات کو جاننا اور انہیں لوگوں تک پہنچانا، ماحولیاتی مسائل اور نوجوانوں میں اسکاشعور بیدار کرنا۔ جناب طاہر حسین ایڈوکیٹ صدر ویلفیرپارٹی آف کرناٹک اور جناب رضوان ارشد رکن اسمبلی شیواجی نگر (بنگلورو) نے ’’سیاست میں مسلم نوجوانوں کارول ‘‘ اور ’’سیاسی بیداری‘‘ پربات کرتے ہوئے کہاکہ انتخابی سیاست ہی کو سیاست نہیں کہتے ۔ اپنی کمیونٹی کے علاوہ دیگر طبقات کے لئے بھی کام کرنا سیاست کاحصہ ہے۔ دوسروں کے لئے آواز اٹھائی جائے گی تو وہ بھی ہمارے لئے آوازاٹھائیں گے۔
سماجی کام میں ’’سیاسی پہلو‘‘ پوشیدہ ہوتاہے۔ سماجی مسائل کو ضلع انتظامیہ کے ذریعہ سے حل کیاجاسکتاہے۔ ممتاز کنڑی صحافی جناب بی ایم حنیف نے اپنے خطاب میں کہاکہ مسلم کمیونٹی کی جانب سے میڈیا ہاؤز کے قائم کرنے کی بات سامنے آچکی ہے۔ جس کے بارے میں باربارتوجہ دلائی جارہی ہے لیکن ایسا کوئی ملی میڈیا ہاؤزقائم نہیں ہوتاہے۔ مولانا فوزان رشادی نے درسِ قرآن دیتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے حصول کی طرف متوجہ ہوں ۔ اپنے اخلاق سنواریں ۔ موصوف نے اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام  ؓ کی اہمیت کو پیش کرتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ قرآن سے اپنے آپ کو وابستہ کریں ۔ایس آئی او آف انڈیا کے سابق صدر تنظیم جناب اشفاق احمد شریف (منگلور) نے ’’لیڈرشپ اور سیرت رسول  ﷺ‘‘ کے حوالے سے خطاب فرمایا۔ آخر میں ڈاکٹر محمد بیلگامی سعد امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند کرناٹک اور جناب لبید شافی امیرحلقہ صالڈارٹی یوتھ موومنٹ کرناٹک نے تمام نوجوانوں سے کہاکہ معاشرے میں کام کرتے ہوئے اپنے آپ کی تربیت اور اپنے تزکیہ سے غافل نہ ہوں ۔ خصوصاً اللہ تعالیٰ سے اپنے تعلق کو مضبوط کریں۔
واضح رہے کہ صالڈارٹی یوتھ موومنٹ کرناٹک،  25؍اگست تا10ستمبر تک پندرہ روزہ مہم’’الصلوۃ خیرمن النوم‘‘ منانے جارہی ہے اس مہم کاپوسٹر جاری کیاگیا۔ دوروزہ لیڈرس میٹ میں جناب لبید شافی صدر، جناب معاذسلمان منیار جنرل سکریڑی، دیگر سکریڑیز دانش ڈی کے ، جناب رفیق احمد (بیدر)، حمزہ معظم علی (گلبرگہ)اور الطاف امجد (بی کے) ، کے علاوہ اے پی سی آرکے چیرمین ندیم خان وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔ اس  بات کی اطلاع جناب حافظ انجینئر سید عتیق اللہ نے دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے