تمام مذاہب اور ذاتوں کے لوگ آپس میں بھائی ہیں: شیخ کاشف ضیاء
بارہ بنکی (ابوشحمہ انصاری): تمام مذاہب اور ذاتوں کے لوگ آپس میں بھائی ہیں۔ ہر شخص کی ذمہ داری اور فرض ہے کہ وہ ایک دوسرے کا تعاون کرے اور ان کے مسائل میں ایک دوسرے کی مدد کرے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار درگاہ حضرت مخدوم شیخ حسام الدین رح کے آستانہ مبارک پر سجادہ نشین شیخ کاشف ضیاء نےحضرت شیخ ضیاء الحسن رح اورحضرت شیخ حسام الدین رح کے قل شریف کے موقع پر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کو اپنی زندگی شریعت کے مطابق گزارنی چاہئے سیرت رسول صل اللہ علیہ وسلم، سیرت صحابہ اور اہل بیت کا دامن مضبوطی سے پکڑے رہیں۔
معلوم ہوا کہ درگاہ حضرت شیخ مخدوم حسام الدین رح کے عرس مبارک کے موقع پر حضرت شیخ ضیاء الحسن اور حضرت شیخ حسام الدین رح کا قل شریف کا آغاز حافظ محمد شکیل کے ذریعے تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا- قل شریف کی رسم کے بعد درگاہ کے سجادہ نشین شیخ کاشف ضیاء نے دعا اور سلام پیش کیا۔ دعا و سلام کے بعد شیرینی اور تبرک تقسیم کیا گیا۔ عرس قل کے موقع پر زائرین اور عقیدت مندوں نے درگاہ پر چادر چڑھانے کی رسم ادا کی اور دعائیں مانگیں۔ اس موقع پر شیخ طالب ضیاء، نسیم گڈو، ابراہیم، محمد فاروق، حافظ جنید، محمد عقیل راجہ، معراج احمد، حافظ محمد لطیف، جاوید علی خان، محمد اکرم انصاری، حافظ ریحان، ماہ نور سمیت زائرین اور عقیدت مند کثیر تعداد میں موجود رہے۔
